بھوک ہڑتال ختم کرنے راہول گاندھی کے نام کا استعمال، پانچ ماہ سے راہول گاندھی سے ملاقات کا وقت نہیں ملا
حیدرآباد ۔ 11۔جون (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ نے آج پارٹی قیادت پر اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور الزام عائد کیا کہ اپنی غلطیوں کی پردہ پوشی کیلئے بھٹی وکرمارکا کی بھوک ہڑتال کا سہارا لیا گیا ہے ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھوک ہڑتال ختم کرنے کیلئے راہول گاندھی کے نام کا استعمال کیا گیا۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ریاستی قیادت پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ ریاست کے حالات سے واقف کرانے کیلئے وہ راہول گاندھی سے ملاقات کے خواہاں ہے لیکن گزشتہ پانچ ماہ سے انہیں ملاقات کا وقت نہیں دیا گیا ہے۔ بھٹی وکرمارکا کی بھوک ہڑتال ختم کرنے میں جلد بازی کی شکایت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کے قائدین اپنی غلطیوں کی پردہ پوشی کر رہے ہیں جبکہ ارکان اسمبلی کے انحراف کیلئے قیادت ذمہ دار ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کے پارٹی امور میں کے وی پی رام چندر راؤ کی مداخلت پر سخت اعتراض کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا سے تعلق رکھنے والے قائد کا تلنگانہ کے امور سے کیا تعلق ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ راہول گاندھی سے ملاقات کی راہ میں بعض قائدین رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں جن میں کے وی پی رام چندر راؤ بھی شامل ہے۔ انہوں نے ٹکٹوں کی تقسیم میں حقیقی کارکنوں کو نظر انداز کرنے کی شکایت کی اور کہا کہ صرف دولتمند افراد کو ٹکٹوں کی تقسیم میں ترجیح دی گئی جس کے نتیجہ میں بڑے پیمانہ پر انحراف ہوا ہے۔ اگر حقیقی کارکنوں کو ٹکٹ دیا جاتا تو یہ صورتحال نہ ہوتی۔ ٹکٹوں کی تقسیم میں دولت کو معیار سمجھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی سی سی کے مبصرین نے بھی تلنگانہ کے امور پر توجہ نہیں دی۔ پنچایت راج اداروں کے انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ بعض مقامات پر کانگریس کو منڈل پریشد پر کامیابی کے امکانات موجود تھے۔ اس کے باوجود کانگریس کے ارکان نے بی جے پی کی تائید کی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ بھٹی وکرمارکا خود اس بات کی وضاحت کریں کہ وہ ان کے شاگرد ہیں یا پھر کے وی پی رام چندر راو کے ۔ انہوں نے کہا کہ بھٹی وکرمارکا کیلئے میں نے جو کچھ کیا ہے وہ خود بھٹی وکرمارکا سے پوچھ سکتے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کیلئے نئے گورنر کے تقرر کا وزیر داخلہ امیت شاہ سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ای ایس ایل نرسمہن عوامی مسائل پر کی گئی نمائندگیوں کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ موجودہ گورنر عوام کیلئے قابل قبول نہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کیلئے کرن بیدی کو گورنر مقرر کرنے کی سفارش کی۔ واضح رہے کہ وی ہنمنت راؤ نے بھٹی وکرمارکا کی بھوک ہڑتال کے موقع پر کھل کر اپنی ناراضگی جتائی تھی ۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا کی موجودگی میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ٹکٹوں کی تقسیم میں حقیقی کارکنوں کو اہمیت دی جاتی تو ارکان اسمبلی انحراف نہ کرتے ۔ اے آئی سی سی کے دو سکریٹریز اور صدر پردیش کانگریس کی موجودگی میں ہنمنت راؤ کے ریمارکس پر پارٹی حلقوں میں مباحث جاری ہیں۔ پارٹی کے سینئر قائدین نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی ۔ برسر عام اظہار خیال کے بجائے پارٹی فورم میں اپنی رائے رکھیں۔ ہنمنت راؤ سابق میں پردیش کانگریس کے صدر اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
