کانگریس لیڈر آنجہانی سرینواس ریڈی حقیقی عوامی قائد تھے

   

Ferty9 Clinic

رام ریڈی کانگریس کے ولیج صدربلامقابلہ منتخب، کوہیر میں پارٹی جھنڈا پروگرام

کوہیر۔ کوہیر منڈل کے موضع ماچر ریڈی پلی میں کانگریس پارٹی قائدین کے جھنڈا پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر آنجہانی سرینواس ریڈی کے فرزند رام ریڈی کو بلا مقابلہ کانگریس پارٹی ولیج صدر کی حیثیت سے منتخب کیا گیا ۔اس موقع پر شرکاء کو محمد شاکر علی نائب صدر کوہیر منڈل نے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ 18 جون 2021 کو سرینواس ریڈی کا کورونا وائرس کی وجہ سے دیہانت ہوگیا تھا۔ کوہیر منڈل کانگریس پارٹی قائدین کے لئے وہ دن ایک بہت بڑے دکھ کا دن تھا کیونکہ سرینواس ریڈی ایک حقیقی عوامی لیڈر تھے وہ عوام کی خدمت میں مصروف تھے۔ یہاں کی عوام ان کی خدمات کو فراموش نہیں کرسکتی۔ ان کے فرزند رام ریڈی ضرور ان کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کریں گے۔ محمد ارشد علی صدر میدک کانگریس نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سرینواس ریڈی نے تقریباً 27 سال سنگل ونڈو چیرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دی۔ وہ ایک بے لوث عوامی خدمت گذار شخصیت کے حامل تھے۔ محمد ارشد علی نے کہا کہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں کانگریس پارٹی بڑی قوت کے ساتھ دوبارہ اپنی جگہ عوام کے دلوں میں بنارہی ہے۔ ریاست کی عوام حکومت کے جھوٹے وعدوں سے عاجز آچکی ہے۔ ٹی آر ایس پارٹی اقتدار میں سماج کا ہر طبقہ دھوکہ کھارہا ہے۔ آج لاکھوں نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد روزگار کیلئے پریشان حال ہیں۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے تعلیم یافتہ نوجوانوں سے وعدہ کیا تھا کہ ہر گھر سے ایک شخص کو سرکاری نوکری دی جائے گی لیکن آج تک وعدہ پورا نہیں ہوسکا۔ علحدہ ریاست تلنگانہ میں سب سے زیادہ نقصان مسلمانوں کا ہوا ہے ان سے جو وعدے کئے گئے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا گیا۔ 12 فیصد تحفظات کے نام پر دھوکہ دیا گیا۔ تعلیم یافتہ نوجوان معمولی کام کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ آج ریاست میں دن دھاڑے قتل و غارت گری کی وجہ ایک طرح کا خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی ہو یا پارلیمانی انتخابات کانگریس کا اقتدار میں آنا یقینی ہے۔ کانگریس پارٹی ملک کی ایک سیکولر پارٹی ہے وہ ہمیشہ عوام کے دکھ اور درد میں ساتھ رہی ہے اور رہے گی ۔ اس موقع پر بی مادھوی صدرنشین کوہیر منڈل، سید ریاض الدین سنگل ونڈو چیرمین اور رام لنگا ریڈی صدر کانگریس پارٹی کوہیر منڈل نے بھی مخاطب کرتے ہوئے سرینواس ریڈی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر محمد شمشیر علی صدر کانگریس پارٹی کوہیر ٹاؤن، محمد عبدالقیوم، محمد اشرف، منیر پٹیل، امان الیاس، محمد عظیم الدین، راجو، رتنم سرپنچ ماچر ریڈی پلی، عبدالجبار کے علاوہ کانگریس پارٹی قائدین کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی۔