کانگریس لیڈر بشنوئی کی بے نامی ہوٹل قرق

   

نئی دہلی ۔ 27 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) گرگاؤں کے پاش بزنس علاقہ میں واقع 150 کروڑ روپئے مالیت کی فائیواسٹار ہوٹل کو انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے قرق کرلیا ہے ۔ یہ ہریانہ کانگریس کے لیڈر کلدیپ بشنوئی اور اُن کے بھائی کا بے نامی اثاثہ سمجھا جاتا ہے ۔ عہدیداروں نے منگل کو بتایا کہ محکمہ کی دہلی میں قائم اینٹی بے نامی یونٹ نے ہوٹل پراپرٹی کو قرق کرنے کیلئے آرڈر جاری کئے ۔ یہ جائیداد ڈی ایل ایف فیز I میں برسٹل ہوٹل کے نام سے مشہور ہے ۔ یہ قرقی انسداد بے نامی املاک سے متعلق قانون 1988 ء کے سیکشن 24(3) کے تحت کی گئی ہے ۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو محکمہ کا آرڈر دستیاب ہوا ہے جس کے مطابق یہ ہوٹل ایک کمپنی برائیٹ اسٹار ہوٹل پرائیویٹ لمیٹیڈ کے نام پر ہے ۔ محکمہ کی جانب سے تازہ کارروائی اُن دھاؤں کے پس منظر میں ہوئی ہے جو آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے ہریانہ ، دہلی اور ہماچل پردیش میں 23 جولائی کو بشنوئی سے تعلق رکھنے والی 13 جائیدادوں کے خلاف کئے تھے ۔