24 گھنٹے برقی سربراہی پر ٹی آر ایس کھنڈوا پہننے کا چیلنج یاد دلایا
حیدرآباد۔2 ۔اگست (سیاست نیوز) ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے دورہ کے موقع پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سابق اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر قائد کے جانا ریڈی پر طنز کرتے ہوئے 24 گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہی کی صورت میں ٹی آر ایس میں شمولیت کے اعلان پر سوال اٹھایا۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے جانا ریڈی پر تنقید کی اور کہا کہ اسمبلی میں مباحث کے موقع پر جانا ریڈی قائد اپوزیشن تھے ۔ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ دو برسوں میں برقی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے بعد 24 گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہ کی جائے گی۔ اس اعلان پر جانا ریڈی نے اعتراض کیا تھا ، انہوں نے کہا تھا کہ دو سال نہیں 20 سال میں بھی یہ ممکن نہیں ہے ۔ اگر دو برسوں میں یہ کام مکمل ہوتا ہے تو وہ ٹی آر ایس کا گلابی کھنڈوا پہن کر پارٹی کی مہم میں حصہ لیں گے ۔ کے سی آر نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں جانا ریڈی نے کانگریس کا کھنڈوا پہنا اور انہیں ٹی آر ایس امیدوار کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے سوال کیا کہ اپنے چیلنج پر جانا ریڈی خاموش کیوں ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کسی نے توقع نہیں کی تھی کہ تلنگانہ میں الٹرا میگا پاور پلانٹس قائم کئے جائیں گے ۔ ہر ضلع میں 4000 میگاواٹ برقی صلاحیت کے سوپر پلانٹ قائم کئے جائیں گے ۔ نلگنڈہ میں برقی تیاری پلانٹ کا قیام ضلع کے عوام کیلئے باعث افتخار ہے۔
