کانگریس لیڈر محمد غوث مجلس میں واپس

   

اکبر اویسی کی دعوت پر فیصلہ ۔ اختلافات فراموش کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔ جماعت کو مضبوط کرنے کیلئے بھائی سے اختلافات کو فراموش کردو اور جماعت میں واپس آجاو ۔ کانگریسی قائد محمد غوث کو یہ تسلی دینے کے بعد اکبر الدین اویسی نے محمد غوث کا مجلس میں استقبال کیا اور انہیں ہر طرح کی سہولیات کی تسلی دی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اکبر اویسی نے آج محمد غوث کے مکان پہونچکر پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی اور اپنی گاڑی میں ہیڈ کوارٹرس لے آئے اور ان کی شکایات کو دور کرنے کی طمانیت دی ۔ خود اپنے ایک بیان میں محمد غوث نے بتایا کہ اکبر اویسی کی دعوت پر جماعت میں اپوس ہوئے ہیں۔ اکبر اویسی نے انہیں اطمینان دلایا کہ انہیں ٹکٹ بھی دیا جائیگا اور ساتھ مل کر سیاست میں سرگرم رہنے کی دعوت دی ۔ انہیں اس بات کا مشورہ بھی دیا کہ جس بات پر بھائی سے اختلاف تھا اور وہ جس بات پر بھائی سے ناراض تھے اسے فراموش کردیا جائے ۔ وقت کے ساتھ سب کچھ ٹھیک ہوجائیگا ۔ ایسے ہی کچھ وعدوں کے ساتھ اکبر اویسی نے محمد غوث کو پارٹی میں واپس شامل کرلیا اور ایک حلقہ سے ٹکٹ بھی دیدیا گیا ۔