مسلسل جدوجہد کرنے والوںکو گھر پہونچ کر ٹکٹ دیا جائیگا ۔ اے ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس میں کوئی اونر ( مالک ) نہیں ہے ۔ جو محنت کرے گا وہی اونر رہے گا ۔ سپاہیوں کی طرح کام کرنے والوں کے گھر کو پہونچکر ٹکٹ دیا جائے گا ۔ بحران میں قائدین پیدا ہوتے ہیں ۔ کانگریس اب بحران میں ہے یوتھ کانگریس قائدین حکومت کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو منوائییں ۔ شمس آباد کے مئی فیر فنکشن ہال میں تلنگانہ یوتھ کانگریس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر اے آئی سی سی تلنگانہ انچارج مانکیم ٹیگور ، ورکنگ پریسیڈنٹس تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو ، مہیش کمار گوڑ ، اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو ، سمپت کمار ، پارٹی سینئیر قائد سابق وزیر محمد علی شبیر کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ یوتھ کانگریس کی ایک منفرد پہچان ہے جس نے ملک کو کئی قائدین دئے ہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو ، راج شیکھر ریڈی اور کے سی آر نے بھی اپنا سیاسی کیرئیر یوتھ کانگریس سے شروع کیا تھا ۔ بحران میں یوتھ کانگریس قائدین نے ہمیشہ اہم رول ادا کیا ہے اور کانگریس کو اقتدار دلانے میں یوتھ کانگریس کے قائدین نے سپاہیوں کی طرح کام کیا ہے ۔ اب بھی کانگریس بحران سے گذر رہی ہے ۔ یوتھ کانگریس کے قائدین سپاہیوں کی طرح کام کریں ۔ حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف عوام کے درمیان میں پہونچکر کام کریں اور حکومت کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں ، اسکامس کو منظر عام پر لائے ۔ بہترین خدمات انجام دینے والے یوتھ کانگریس قائدین کے گھروں کو وہ خود پہونچکر ٹکٹ دیں گے ۔ عہدے رکھنے کے باوجود کام نہ کرنے والے قائدین ٹکٹ کی توقع نہ رکھیں اور نہ ہی ایسے قائدین کو صرف عہدوں کی بنیاد پر ٹکٹ دیا جائے گا جو لوگ کام کر کے ٹکٹ لیتے ہیں عوام انہیں کامیاب بناتے ہیں اور ٹکٹ لے کر عوام کے درمیان پہونچنے والوں کو عوام شکست سے دوچار کردیتے ہیں ۔ ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لیے 20 ماہ محنت کریں ۔ اس کے بعد حکومت کانگریس کی ہوگی ۔ پارٹی میں محنت کرنے والوں کو ہمیشہ اہمیت دی جائے گی ۔ اونچا مقام و مرتبہ دیا جائے گا ۔ اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے آئندہ ریاست میں کانگریس حکومت تشکیل پائیگی ۔N
