کانگریس مذہب، ذات، زبان اور خطہ سے بالاتر:شرمیلا

   

حیدرآباد۔15۔جنوری(یواین آئی) آندھراپردیش کانگریس کی صدروائی ایس شرمیلا نے کہا ہے کہ کانگریس مذہب، ذات، زبان، خطہ وغیرہ سے بالاتر ہے ۔ ہمارے ملک میں بھائی چارہ اسی سے ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ملک کی واحد پارٹی ہے جو نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور بھائی چارہ کو فروغ دے سکتی ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس سمت لڑنے والے رہنما راہول گاندھی ہیں۔ انہوں نے دہلی میں اے آئی سی سی کے نئے دفتر کے افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نئی عمارت کی ستائش کی جو کانگریس پارٹی کی تاریخ کو ظاہر کرتی ہے ۔
انہوں نے زوردیتے ہوئے کہاکہ یہ ایک محض عمارت نہیں ہے بلکہ کانگریس کی وراثت ہے جہاں پر مختلف اہم شخصیات کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔یہ ایسی شاندار عمارت ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ کانگریس کے دفتر کے ساتھ ساتھ ایک میوزیم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آرایس ایس کے ایک رہنما نے یہ بیان دیا کہ ملک کو آزادی 1947کو حاصل نہیں ہوئی ہے بلکہ رام مندر کی تعمیر سے ہی ملک کو آزادی حاصل ہوئی ہے ۔کیا یہ غداری کی بات نہیں ہے ؟ کانگریس وہ واحد پارٹی ہے جو آئین کے لیے لڑ رہی ہے ۔