نئی دہلی: بی جے پی نے شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے معاملہ پر کانگریس پر زبردست تنقید کیا۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر سمبت پاترا نے کہا کہ کانگریس مسلمانوں سے پوچھ کر مہاراشٹرا میں حکومت بناتی ہے اور ہندوؤں کو گالی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی سی اے اے اور این آر سی پر ملک میں خوف کا ماحول پیدا کررہی ہے۔ اس خوف کی آڑ میں اپوزیشن ہندوؤں کو گالی دے رہی ہے۔ پاترا نے کہا کہ دو دن قبل اشوک چوہان نے ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مسلمان بھائیوں کے کہنے پر مہاراشٹرا میں شیوسینا کیساتھ مل کر سرکار بنائی۔ مسلمانوں کا کہنا ہے کہ بی جے پی ہماری سب سے بڑی دشمن ہے، اس لئے ہم نے شیو سینا کے ساتھ سرکار بنائی۔
سمبت نے کہا کہ کانگریس پارٹی صرف مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرتی ہے، لیکن مسلمانو ں کے ساتھ کبھی بھلائی نہیں کرتی۔ اب کانگریس کو انڈین نیشنل کانگریس نہیں بلکہ ”مسلم لیگ کانگریس“ کہنا چاہئے۔ انہوں نے اس موقع پرحیدرآباد کے سیاسی لیڈر و مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی اکبر الدین اویسی پربھی تنقید کیا۔ سمبت پاترا نے کہا کہ اکبرالدین اویسی نے ایک دن قبل اپنی تقریر میں کہا تھا کہ مسلمانوں نے 800 سال تک اس ملک میں حکمرانی کی۔ اکبر اویسی نے کہا کہ میرے باپ دادا نے اس ملک کو قطب مینار، چار مینار، جامع مسجد، لال قلعہ وغیرہ دیا ہے۔ تیرے باپ نے کیا بنایا؟ سمبت نے پوچھا کہ یہ سوال کس سے کیا گیا اور کہا کہ ہمارے داداپردادا نے اس ملک میں رواداری، وقار اور سیکولرزم بنایا ہے اور آپ جیسے لوگ ایسی زبان استعمال کرتے ہیں۔