کانگریس ‘ مسلم لیگ وائرس کا شکار : آدتیہ ناتھ

   

لکھنو / نئی دہلی 5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ نے آج مسلم لیگ کو ایک وائرس قرار دیا اور دعوی کیا کہ کانگریس پارٹی اس وائرس سے متاثر ہے ۔ کانگریس نے ان کے اس ریمارک پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ آدتیہ ناتھ ایک وائرس ہیں اور ان کا انتخابات میں صفایا کردیا جائیگا ۔ آدتیہ ناتھ نے راہول گاندھی کے کیرالا میں وائیناڈ حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد ٹوئیٹ کیا تھا اور کہا تھا کہ مسلم لیگ ایک وائرس ہے ۔ اگر اس وائرس سے کوئی متاثر ہے تو وہ بچنے والا نہیں ہے ۔ اصل اپوزیشن جماعت کانگریس اس سے متاثر ہے ۔ انہوں نے عوام سے کہا تھا کہ وہ سوچیں کہ اگر یہ پارٹی کامیاب ہوجاتی ہے تو کیا ہوگا ۔ یہ وائرس ساری قوم میں پھیل جائیگا ۔ چیف منسٹر انڈین یونین مسلم لیگ کا حوالہ دے رہے تھے جو کیرالا میں کانگریس زیر قیادت یو ڈی ایف کا حصہ رہی تھی ۔ آدتیہ ناتھ کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کانگریس ترجمان رندیپ سرجیوالا نے چیف منسٹر کو ’’ بھوگی ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ ریمارکس بالکلیہ غلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائرس در اصل بھوگی ہیں اور انتخابات میں عوام اپنے ووٹ سے ان کا صفایا کردیں گے ۔