حیدرآباد ۔ 21 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کانگریس مقننہ پارٹی کا 22 ستمبر اتوار کو اہم اجلاس منعقد ہوگا جس میں مقامی اداروں کے انتخابات کے علاوہ کانگریس حکومت کی 9 ماہی کارکردگی اور دیگر امور پر غور و خوض کیا جائے گا ۔ ہوٹل ٹرائیڈنٹ مادھا پور میں سہ پہر 4 بجے اجلاس منعقد ہوگا جس کی چیف منسٹر ریونت ریڈی صدارت کریں گے ۔ اس اجلاس میں وزراء ، ارکان اسمبلی ، ارکان کونسل کو شرکت کی ہدایت دی گئی ہے ۔ کانگریس رکن کونسل بی مہیش کمار گوڑ کے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بننے کے بعد پہلی مرتبہ مقننہ پارٹی کا اجلاس منعقد ہورہا ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ پارٹی اور حکومت میںرابطہ اور تال میل پر تبادلہ خیال ہوگا ۔ اس کے علاوہ آئندہ مقامی اداروں کے انتخابات پر بھی گفتگو ہوگی ۔ جاریہ سال کے اواخر میں مقامی اداروں کے انتخابات منعقد کرنے پر حکومت غور کررہی ہے ۔ اسمبلی و لوک سبھا انتخابات کے طرز پر مقامی اداروں کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے اس اجلاس میں حکمت عملی تیار کرنے کا امکان ہے ۔۔2