کانگریس ملک کی واحد سیکولر پارٹی، کامیاب بنانا وقت کا تقاضہ

   

محبوب آباد میں جمعیتہ علماء کا جلسہ ، مولانا خسرو پاشاہ، ستار قاسمی، مولانالطیف رشیدی کا خطاب

ورنگل ۔/29نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع محبوب آباد میں جمعیتہ علماء کی جانب سے ایک اہم اجلاس کا مولانا محمد عبدالستار قاسمی کی زیر صدارت اور مولانا محمد لطیف رشیدی صدر جمعیتہ علماء ضلع محبوب آباد کی زیر نگرانی انعقاد عمل میں لایا گیا ۔اس اجلاس میں مفتیان ،علماء ،حفاظ اور لوگوں کی کثیرتعداد موجود تھی ۔مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی الرفاعی القادری العمروف خسرو پاشاہ سجادہ نشین بارگاہ افضلیہ قاضی پیٹ ،مولانا عبدالعظیم قاسمی اور دیگر نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔مولانا خسرو پاشاہ نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس پارٹی ملک کی واحد سیکولر پارٹی ہے جس نے ملک گیر سطح پر تمام طبقات کے شانہ بشانہ مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد ضروری اقدامات کرنے میں کوئی کثر باقی نہیں رکھی -اس موقع مولانا عبدالستار قاسمی ،مولانا عبدالطیف رشید صدر جمعتیہ علماء نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ جمعیتہ علما ء ہندوستان کے مسلمانوں کی قدیم جماعت ہے ۔1919سے مسلم امہ کی رہبری کرتی آرہی ہے ۔جمعیتہ علماء ایک ایسی تنظیم ہے جو مسلمانوں کی فلاح و بہبود ان کی ترقی ملک میں امن و امان کی برقراری کیلئے بروقت فعال و منظم تنظیم ہے ۔موجودہ حالات کے تناظر میں جمعیتہ علماء نے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے مقامی علماء سے رائے مشورے کے بعد یہ متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ اس انتخابات میں کانگریس امیدوار کی تائید کی جائے ۔انہوںنے تمام عوام سے اپیل کی کہ وہ ریاست کے کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنائیں اور خاص طور پر محبوب آباد کے کانگریس امیدوار ڈاکٹر مورلی نائک کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں ۔اس موقع پر علماء ،حفاظ ، اور مقامی افراد کثیر تعدا د میں موجود تھے ۔