کانگریس منشور کی تیاری ‘پرانے شہر کیلئے خصوصی فنڈ اور علحدہ کارپوریشن

   

طلبہ کو 24 گھنٹے مفت انٹرنیٹ، گریٹر حیدرآباد کیلئے علحدہ منشور، سیلاب کی تباہی کا مستقل حل
فوڈ ڈیلوری بوائز، اوبیر، اولا اور آٹو ڈرائیورس کیلئے اسپیشل اسکیم، کل سے منشور کمیٹی کا دورہ اضلاع

حیدرآباد ۔ 30 ستمبر (سیاست نیوز) اقتدار حاصل کرنے انتخابی تیاریاں کرنے والی کانگریس عوام کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے پہلے ہی 6 گیارنٹیز کا اعلان کرچکی ہے جس کا عوام میں مثبت رد عمل دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ انتخابی منشور کے ذریعہ مزید پرکشش اسکیمات کا اعلان کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ حیدرآباد کے پرانے شہر کی ترقی کیلئے خصوصی فنڈ کا اعلان کرنے کا جائزہ لے رہی ہے اور اس کیلئے ایک کارپوریشن تشکیل دینے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ ساتھ ہی گریٹر حیدرآباد کیلئے علیحدہ منشور جاری کرنے کا منصوبہ تیار کررہی ہے ۔ کانگریس ہائی کمان ’ٹارگٹ تلنگانہ‘ کے نام پر کام کررہی ہے۔ صرف اقتدار حاصل کرنے کی حکمت عملی تیار کررہی ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ طلبہ کو 24 گھنٹے مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے فوڈ ڈیلیوری بوائز کیلئے اسپیشل پالیسی، اوبیر، اولا اور آٹو ڈرائیورس کیلئے خصوصی اسکیمات پیش کرنے کا منشور کمیٹی جائزہ لے رہی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کیلئے خصوصی منشور میں سیلابی نالوں کا مستقبل حل، موسیٰ ندی، حسین ساگر کی صفائی اور خوبصورتی کیلئے اقدامات کو قطعیت دے رہی ہے۔ یہی نہیں پرانے شہر کی ترقی کیلئے خصوصی فنڈ کا اعلان کرنے کے ساتھ ایک کارپوریشن تشکیل دینے کی منصوبہ بندی تیار کررہی ہے۔ انتخابی منشور کمیٹی نے 2 اکٹوبر سے اضلاع کا دورہ کرکے عوام سے ملاقات کرنے اور ان کی رائے حاصل کرکے اس کو منشور میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ۔ واضح رہیکہ کانگریس نے پہلے ہی 6 گیارنٹیز کا اعلان کیا ہے۔ مہالکشمی کے نام سے خواتین کو 2500 روپئے کی مالی امداد، 500 روپئے میں گیس سلنڈر، خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت، ریتو بھروسہ کے تحت 15 ہزار روپئے کی امداد، زرعی مزدوروں کو 12 ہزار روپئے معاوضہ ہر گھر کو 200 یونٹ مفت برقی، گھروں کی تعمیرات کیلئے اراضی، گھروں کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد، طلبہ کو 5 لاکھ روپئے کا بھروسہ کارڈ، معمرین کو 4 ہزار روپئے پنشن، 10 لاکھ روپئے آروگیہ شری اسکیم وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کانگریس منشور میں سماج کے تمام طبقات ایس سی، ایس ٹی، بی سی، اقلیتوں اور خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے نئی اسکیمات کا اعلان کرنے تیاری کی جارہی ہے۔ انتخابی منشور کمیٹی کے دورہ اضلاع کے بعد عوام سے ملنے والی رائے کو منشور میں شامل کرکے انتخابی منشور جاری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ کانگریس ذرائع سے پتہ چلاکہ پرانے شہر کی پسماندگی کا خصوصی طور پر جائزہ لیتے ہوئے ماہرین سے تبادلہ خیال کیا جارہا ہے ۔ پرانے شہر کے مسائل پر خصوصی فوکس کیا جارہا ہے۔ تعلیمی، معاشی، سماجی پسماندگی کے اہم مسائل پر توجہ دی جارہی ہے۔ن