کانگریس مکت بھارت ممتا بنرجی اور وزیر اعظم مودی کامشترکہ خواب

   

آر ایس ایس میگزین کا دعویٰ

کلکتہ : مغربی بنگال میں آر ایس ایس سے وابستہ ایک بنگلہ میگزین سواتیکا میں شائع ایک مضمون میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی وزیر اعظم نریندر مودی کے کانگریس مکت بھارت کے خواب کی تعبیر کررہی ہیں اور ممتا بنرجی کے حالیہ اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ وزیر اعظم مودی کی طرح ان کا بھی کانگریس مکت بھارت کا خواب ہے ۔ آر ایس ایس سے وابستہ بنگالی میگزیں میں اس مضمون کی اشاعت کے بعد کانگریس نے بی جے پی اور ممتا بنرجی کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلی تھیلے سے باہر آچکی ہے ۔جب کہ ترنمول کانگریس اور بی جے پی دونوں نے اس مضمون کو مستردکردیا ہے ۔ 13دسمبر کے شمارے میں نرملا مکھوپادھیائے کا ایک مضمون ممتا بنرجی تاریخ کو مٹانے کی خواہش کیوں رکھتی ہیں، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے یا پھر سونیا گاندھی کوتباہ کرنے ’کیلئے شائع ہوا ہے ۔اس مضمون میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ نئی دہلی میں ممتا بنرجی کی ملاقات اور اس کے بعد ہی کانگریس کے تئیں ممتا بنرجی کے بدلتے تیور کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ممتا بنرجی اور وزیر اعظم نریندر مودی دونوں کا کانگریس مکت بھارت مشترکہ خواب ہے ۔جس کی تعبیر کیلئے ممتا بنرجی کوشاں ہے ۔ کانگریس کے تئیں ممتا بنرجی کے بدلتے رخ اور حالیہ بیانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لگتا ہے کہ یہ وہی ممتا بنرجی نہیں ہیں جو چند ماہ قبل تک نظر آتی تھیں۔نریندر مودی نے جو کانگریس مکت بھارت کا خواب دکھایا گیا تھا۔مجھے لگتا ہے کہ ممتا بھی اب اسی خواب پر یقین رکھتی ہیں۔ اسی لیے وہ اس کی تعبیر کے لیے تاریخ کو مٹانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ چناں چہ اس خواب کی تعبیر کیلے ممتا بنرجی سیاسی حساب کے تحت اپنے دشمنوں اور معلوم حریفوں کو قریب لارہی ہیں۔