کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ کا قلعہ گولکنڈہ میں ہیلت کیمپ،سینکڑوں افراد کی شرکت

   

پونم پربھاکر اور جگا ریڈی نے کیمپ کا معائنہ کیا،مفت معائنے اور دواؤں کی تقسیم

حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) سٹی کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین سمیر ولی اللہ اور پردیش کانگریس کے ترجمان سید نظام الدین کی جانب سے ہیلتھیر ہارٹس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے آج گولکنڈہ علاقہ میں دوسرا مفت ہیلت کیمپ منعقد کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کرتے ہوئے نہ صرف مفت معائنہ کی سہولت حاصل کی بلکہ دوائیں بھی تقسیم کی گئیں۔ سمیر ولی اللہ نے بتایا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر اور رکن اسمبلی جگا ریڈی نے ہیلتھ کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے کانگریس قائدین کی ستائش کی جنہوں نے غریبوں کو طبی خدمات کی فراہمی کے جذبہ سے مفت ہیلت کیمپ کا آغازکیا ہے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل اور دیگر سینئر قائدین نے بھی کیمپ کا معائنہ کیا۔ کانگریس قائدین نے مقامی افراد سے بات چیت کرتے ہوئے مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ جگا ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سمیر ولی اللہ اور نظام الدین کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلت کیمپ سے سینکڑوں کی تعداد میں غریبوں کو فائدہ ہوگا جو خانگی دواخانوں میں علاج کروانے کی استطاعت نہیں رکھتے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ مفت دواؤں کی سربراہی سے غریبوں پر بوجھ کم ہوگا۔ پونم پربھاکر نے ریاست بھر میں اس طرح کے کیمپس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے صحت عامہ کو نظرانداز کرنے کا تلنگانہ حکومت پر الزام عائد کیا اور کہا کہ وبائی امراض کے لاکھوں متاثرین حکومت کی عدم توجہی کا شکار ہیں۔ سلم علاقوں میں بسنے والے غریب بنیادی طبی سہولتوں سے محروم ہیں۔ سمیر ولی اللہ نے بتایا کہ مختلف سلم علاقوں میں مزید کیمپ منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کئی اہم معائنے مفت کئے جارہے ہیں اور ماہر ڈاکٹرس کے ذریعہ ادویات تجویز کی جارہی ہیں۔ سید نظام الدین نے بتایا کہ 29 ستمبر کو رسول پورہ میں کیمپ منعقد کیا جارہا ہے۔ مقامی افراد اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔