کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام راہول گاندھی کی سالگرہ تقاریب

   

آئندہ ماہ وقارآباد میں اقلیتوں کا جلسہ عام، عمران پرتاپ گڑھی کی آمد متوقع
حیدرآباد: 19 جون (سیاست نیوز) اے آئی سی سی لیڈر راہول گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ نے وقارآباد ضلع میں کئی پروگراموں کا انعقاد عمل میں لایا۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے منے گوڑہ میں سالگرہ تقاریب میں شرکت کی۔ جہاں بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر وقارآباد ضلع میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدر ایوب انصاری، خیریت آباد ضلع کے صدر ارہم عادل، عظیم پٹیل اور مقامی قائدین موجود تھے۔ چیوڑلہ اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے کئی کارکنوں نے خون کا عطیہ دیا۔ اس موقع پر اقلیتوں کے مسائل کے حل میں بی آر ایس حکومت کی ناکامی پر جاری کردہ چارج شیٹ کی رسم اجراء انجام دی گئی۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ گھر گھر پہنچ کر حکومت کی ناکامیوں کی تشہیر کریں۔ اقلیتوں کے ساتھ کے سی آر حکومت کے دھوکے پر آڈیو ویژول پروگرام پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو قرض کی فراہمی، تعلیم اور ہائوزنگ کے شعبہ جات میں ناانصافی کی گئی ہے۔ گزشتہ 9 برسوں میں 6 مساجد کو شہید کیا گیا اور اردو کو اس کا جائز حق نہیں ملا ہے۔ اوقافی جائیدادوں کی تباہی کے لیے حکومت ذمہ دار ہے۔ سرکاری اداروں میں اقلیتوں کی نمائندگی صفر ہوچکی ہے۔ آئندہ اسمبلی انتخابات میں اقلیتوں کو متحدہ طور پر کانگریس کی تائید کرتے ہوئے بی آر ایس کو شکست دینی ہوگی۔ کرناٹک میں جس طرح اقلیتوں نے بی جے پی حکومت کو زوال سے دوچار کیا اسی طرح تلنگانہ میں بھی بی آر ایس حکومت کا حشر ہوگا۔ عبداللہ سہیل نے بتایا کہ وقارآباد میں آئندہ ماہ اقلیتوں کا جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں قومی صدرنشین عمران پرتاپ گڑھی رکن پارلیمنٹ کو مدعو کیا جائے گا۔ ر