عنقریب حالات معمول پر آئیں گے، سابق وزیر محمد علی شبیر کو یقین
حیدرآباد۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں بہت جلد حالات معمول پر آجائیں گے اور قائدین میں کوئی ناراضگی باقی نہیں رہے گی۔ پارٹی کے سینئر لیڈر و سابق اپوزیشن قائد محمد علی شبیر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ یقین ظاہر کیا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس میں جمہوریت ہے اور نئے صدر کے انتخاب کے وقت ہر کسی نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ اختلاف رائے کو ناراضگی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ہائی کمان کے فیصلہ کے بعد بعض قائدین میں موجود شبہات دور کرنے کیلئے ہائی کمان متحرک ہوچکا ہے اور ریونت ریڈی بھی تمام سینئر قائدین سے مشاورت کے بعد ہی اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ ریونت ریڈی کا انتخاب کافی سوچ بچار اور قائدین اور کارکنوں کی رائے حاصل کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں پارٹی کو دوبارہ برسراقتدار لانے کے مقصد سے ہائی کمان نے نوجوان قائد کو مقرر کیا ہے۔ ریونت ریڈی کے حق میں نوجوانوں میں کافی جوش و خروش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے بہتر طور پر مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے داخلی معاملات پر میڈیا میں غیر ضروری اطلاعات کو ہوا دی جارہی ہے حالانکہ سوائے چند ایک قائدین کے ہر کسی نے ریونت ریڈی کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی تمام قائدین کو ساتھ لیکر کام کریں گے اور تلنگانہ میں کانگریس کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ کانگریس پارٹی نے علحدہ ریاست تشکیل دی باوجود اسکے کے سی آر نے اپنی ڈرامہ بازی اور پھوٹ کی سیاست کے ذریعہ دو مرتبہ کامیابی حاصل کرلی۔ کے سی آر کیلئے یہ آخری الیکشن ثابت ہوگا۔