حیدرآباد۔/2 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس کے تلنگانہ امور کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے پارٹی میں اقلیتی قائدین کو مناسب حصہ داری دینے اور اہم عہدوں پر فائز کرنے کا تیقن دیا۔ سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی محمد امتیاز نے گاندھی بھون میں مانک راؤ ٹھاکرے سے ملاقات کرتے ہوئے تنظیم میں اقلیتوں کو نظرانداز کرنے کی شکایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نائب صدور اور جنرل سکریٹریز کے عہدوں میں اقلیتوں کو برائے نام نمائندگی دی گئی ہے۔ پارٹی الیکشن کمیٹی میں اقلیتی نمائندگی میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے تیقن دیا کہ پارٹی میں ہر سطح پر اور ہر کمیٹی میں اقلیتوں کو مناسب نمائندگی دی جائے گی۔