حیدرآباد ۔ 18۔جون (سیاست نیوز) بھونگیر کے کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کسی اور پارٹی میں شمولیت کے امکانات کو مسترد کردیا۔ پارلیمنٹ میں رکن کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ریاست کو درپیش مسائل پر وہ پارلیمنٹ میں شدت کے ساتھ آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ایمس کے لئے بجٹ کی منظوری اور دیگر امور کو موضوع بحث بنائیں گے ۔ وینکٹ ریڈی نے پارٹی سے انحراف سے متعلق میڈیا کے بعض گوشوں میں پھیلائی جارہی خبروں کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی اور پارٹی میں شامل نہیں ہوں گے اور کانگریس میں برقرار رہیں گے ۔ اپنے بھائی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے بیان سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حالت دیکھ کر راج گوپال ریڈی نے ایسا بیان دیا ہے۔
