کانگریس میں تلنگانہ جنا سمیتی کا انضمام نہیں ہوگا

   

Ferty9 Clinic

پروفیسر کودنڈا رام کی وضاحت، عوامی مسائل پر جدوجہد جاری رہے گی
حیدرآباد۔9 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے کانگریس میں انضمام کی اطلاعات کو مسترد کردیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ تلنگانہ جنا سمیتی کسی بھی پارٹی میں ضم نہیں ہوگی اور عوام اس طرح کی اطلاعات پر بھروسہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ انضمام کے مسئلہ پر دونوں پارٹیوں کے قائدین کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہوئی ۔ تلنگانہ جنا سمیتی عوامی مسائل پر جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوںکی اراضیات کے تحفظ ، کرشنا کے پانی کے تنازعہ اور پٹرول اور ڈیزل کی اضافی قیمتوں کے خلاف احتجاج جاری رہے گا۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ وہ کسی عہدہ کی لالچ کے بغیر تلنگانہ عوام کی خدمت کے جذبہ کے تحت کام کر رہے ہیں۔ تلنگانہ کی جدوجہد میں عوام نے جو امیدیں وابستہ کی تھیں، ان کی تکمیل حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خیال جماعتوں کے ساتھ عوامی مسائل پر جدوجہد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے میں ٹی آر ایس حکومت کے تساہل کے نتیجہ میں زائد اموات واقع ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام جب اپنے مسائل پیش کرنے کیلئے پرگتی بھون پہنچتے ہیں تو انہیں گرفتار کرتے ہوئے مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کو پرگتی بھون اور فارم ہاؤز سے نکل کر عوامی مسائل کی سماعت کرنی چاہئے ۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے سی آر کی ڈکٹیٹرشپ حکمرانی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی ۔