کانگریس میں جناسمیتی کے انضمام کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: کودنڈارام

   

اسمبلی انتخابات میں الیکٹورل آفیسر کا رول مشکوک، لوک سبھا انتخابات کے لیے پارٹی تیار

حیدرآباد۔ 12 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ جناسمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈارام نے کانگریس میں انضمام کے امکانات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی ناکامی کے بعد اسے دیہی سطح پر مستحکم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں پارٹی کو شامل کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قائدین ووٹوں کی طرح پارٹیاں تبدیل کررہے ہیں۔ سابق میں نظریات کے ساتھ قائدین پارٹی میں موجود رہتے تھے لیکن آج صورتحال تبدیل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کس پارٹی سے مفاہمت کی جائے اس کا فیصلہ صورتحال کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت میں پروفیسر کودنڈارام نے اسمبلی انتخابات میں عوامی اتحاد کی شکست کو مختلف خامیوں کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں دوبارہ عوامی اتحاد کے ساتھ مقابلہ کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر پارٹی میں مشاورت کی جائے گی۔ کودنڈارام نے بعض گوشوں کی جانب سے جناسمیتی کو کانگریس میں ضم کرنے کی قیاس آرائیوں کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ اسمبلی انتخابات میں وہ شکست سے مایوس نہیں ہیں اور لوک سبھا انتخابات کا سامنا کرنے پوری طرح تیار ہیں۔ پارٹی کے قیام کے چند ماہ بعد انتخابات کے سبب متوقع نتائج برآمد نہیں ہوئے۔ انہوں نے ریاستی الیکٹوریل آفیسر کی کارکردگی پر ریمارک کا اظہار کیا اور سوال کیا کہ فہرست رائے دہندگان سے لاکھوں رائے دہندوں کے نام حذف کیے جانے کے لیے کون ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹورل آفیسر کے خلاف صدرجمہوریہ اور سنٹرل الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی جائے گی۔ سنٹرل الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسٹیٹ الیکٹورل آفیسر کے خلاف سی بی سی آئی ڈی تحقیقات کا فیصلہ کریں۔ انہوں نے آندھراپردیش کے انتخابات میں حصہ لینے کے بارے میں کہا کہ جناسمیتی کے پاس ابھی اس بارے میں وقت نہیں ہے۔ کودنڈارام نے کہا کہ آندھراپردیش کے عوام ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے پنچایت انتخابات میں متفقہ طور پر پنچایتوں کے انتخاب کی مخالفت کی اور اس سلسلہ میں اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو توجہ مبذول کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت انتخابات میں تلنگانہ جناسمیتی کی جانب سے داخل کی جارہی پرچہ نامزدگیوں کو برسر اقتدار پارٹی کے حق میں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں کتنے نشستوں پر مقابلہ ہو اس پر مشاورت جاری ہے۔