چندرا بابو نائیڈو میرے سیاسی گرو ، حلقہ کی ترقی اولین ترجیح
حیدرآباد ۔ 12۔ جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے کہا کہ انہوں نے حلقہ کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ پرکاش گوڑ نے تروپتی مندر کے درشن کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت کیلئے کسی دباؤ یا دھمکی کی تردید کی ۔ کے ٹی آر کی جانب سے کانگریس پر ارکان اسمبلی کو دھمکانے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے پرکاش گوڑ نے کہا کہ ارکان اسمبلی چھوٹے بچے نہیں ہیں کہ کوئی دھمکی دے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے پاس اسمبلی میں اکثریت موجود ہے ، لہذا کسی رکن اسمبلی کو دھمکانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں اکثریت کی حامل کانگریس کو مزید ارکان کی ضرورت نہیں ہے۔ بی آر ایس کے ارکان اپنے حلقہ جات کی ترقی کے مقصد سے کانگریس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس حکومت بہتر کارکردگی انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں کے سی آر حکومت کے دوران بھی اچھے کام ہوئے اور ارکان اسمبلی مطمئن تھے۔ حکومت کی تبدیلی کے بعد اپوزیشن ارکان کو ترقیاتی کاموں میں دشواریاں ہوسکتی ہیں۔ لہذا ارکان اسمبلی نے عوام کو انصاف دلانے کیلئے کانگریس کا رخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں پرکاش گوڑ نے کہا کہ راجندر نگر حلقہ کے عوام کے مشورہ کے مطابق وہ کانگریس میں شامل ہورہے ہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے کانگریس میں شمولیت کی ترغیب کی تردید کرتے ہوئے پرکاش گوڑ نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو میرے سیاسی گرو ہیں۔ آندھراپردیش کے چیف منسٹر بننے پر میں نے ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران نائیڈو نے تلگو ریاستوں کے عوام کی ترقی پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ نائیڈو نے کہا کہ جہاں بھی رہیں عوام کی خدمت کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کے چیف منسٹر بننے سے پہلے سے ان کے قریبی روابط ہیں۔ 1