کانگریس میں شمولیت کیلئے 15 سینئر قائدین کی تیاریاں

   

دو سابق وزراء، دو ارکان اسمبلی، دو سابق ایم پی ، دو سابق ارکان اسمبلی و دیگر شامل
حیدرآباد ۔ 9 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست میں جاریہ سال کے اواخر ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس نے اپنی انتخابی تیاریوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ پارٹی کو مستحکم کرنے بڑے پیمانے پر خصوصی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ 17 ستمبر کو ہونے والے جلسہ عام میں مختلف پارٹیوں کے سیاسی قائدین، سابق وزراء، سابق ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور دیگر سینئر قائدین کو پارٹی میں شامل کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔ بی آر ایس کے ناراض قائدین کے علاوہ ماضی میں کانگریس سے دیگر جماعتوں میں شامل قائدین بھی کانگریس قائدین سے رابطہ میں ہیں۔ انہیں عہدے یا ٹکٹ دینے کا وعدہ کرنے سنجیدگی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ 15 سینئر قائدین کانگریس سے رابطے میں ہیں۔ ضلع کھمم کے سینئر قائد سابق وزیر ٹی ناگیشور راؤ کے علاوہ دیگر قائدین کانگریس میں شامل ہوں گے۔ اس معاملے میں کانگریس کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کرلینے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ بی آر ایس رکن اسمبلی ایم ہنمنت راؤ اپنے فرزند کے ساتھ کانگریس میں شمولیت کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔ نظام آباد سے سابق وزیر ایم وینکٹیشور راؤ، ٹکٹ سے محروم بی آر ایس رکن اسمبلی ریکھا نائیک، بی جے پی کے معطل شدہ سابق رکن اسمبلی یو سرینواس ریڈی، اس کے علاوہ سدھارتھ ریڈی، جی بالاکرشنا ریڈی، سابق رکن اسمبلی اے رویندر ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین 17 ستمبر کو کانگریس میں شامل ہونے تیاری کررہے ہیں۔ تلنگانہ میں اقتدار کا نشانہ طئے کرکے کام کرنے والی کانگریس پارٹی ماضی میں کانگریس چھوڑ کر جانے والے قائدین کو دوبارہ کانگریس میں شامل کرنے مذاکرات کررہی ہے اور اس کی ذمہ داری کانگریس کے سیاسی حکمت عملی تیار کرنے والے سنیل کنگولہ کو دی گئی ہے۔ ان کے علاوہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی بھی چند قائدین سے رابطے میں ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ دو سابق ارکان پارلیمنٹ، ایک سابق رکن اسمبلی اور ایک سابق رکن کونسل سے تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ ماضی میں لوک سبھا کی نمائندگی کرنے والے ایک قائد اس بار اسمبلی کا ٹکٹ طلب کررہے ہیں۔ اس معاملہ میں کانگریس کے قائدین کے مثبت ردعمل کی اطلاعات ہیں۔ آئندہ ہفتہ حیدرآباد میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کا دو روزہ اجلاس منعقد ہورہا ہے۔ کانگریس کے تمام سینئر قائدین حیدرآباد آرہے ہیں۔ اس اجلاس کے موقع پر دوسری پارٹیوں کے قائدین کو کانگریس میں شامل کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ن