کارکنوں اور حامیوں میں زبردست جوش و خروش، مدھو یشکی گوڑ اور مہیش کمار گوڑ کو مبارکباد
نظام آباد :پردیش کانگریس کمیٹی کی تشکیل جدید میں نظام آباد سے تعلق رکھنے والے دو سینئر کانگریس قائدین کو موقع فراہم کرنے پر ضلع میں کانگریس قائدین میں زبردست جوش پایا جارہا ہے کانگریس قائدین کی جانب سے اس کا خیر مقدم کیا جارہا ہے ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی حیثیت سے صدر کی حیثیت سے کل ہند کانگریس کے صدر شریمتی سونیا گاندھی نے ریونت ریڈی کو مقرر کرتے ہوئے اور ورکنگ پریسیڈنٹ کی حیثیت سے سینئر کانگریسی قائدمہیش کمار گوڑ کو اور پرچار کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے مدھوگوڑ یاشکی سابق رکن پارلیمنٹ کا تقرر عمل میں لایا ۔ نئے کمیٹی کے اعلان کے ساتھ ہی کانگریس قائدین نے کل شام کانگریس بھون میں زبردست جشن مناتے ہوئے آتش بازی کی ۔ مہیش کمار گوڑ کا تعلق نظام آباد سے ہے اور یہ تعلیمی دور سے این ایس یو آئی سے وابستہ تھے ۔ ضلع این ایس یو آئی کے صدر اور ریاستی این ایس یو آئی کے صدر کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے کانگریس ہائی کمان پاس اپنا ایک اہم مقام بنایا تھا ۔ مسٹر مہیش کمار گوڑ پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری کی حیثیت سے بھی خدمت انجام دے رہے تھے ۔ مہیش کمار گوڑ پہلی مرتبہ متحدہ ضلع کے ڈچپلی اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کرتے ہوئے ناکامی کا سامنا کیا تھا ۔ 2014 ء میں علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد نظام آباد اربن سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرتے ہوئے ٹی آرایس کے ہاتھو ں شکست کا سامنا کیا تھا لیکن ناکامی کے باوجود بھی اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھتے ہوئے پردیش کانگریس کے جنرل سکریٹری کی حیثیت سے اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے تھے جس پر کانگریس ہائی کمان نے مدھوگوڑ یاشکی کو ورکنگ صدر کی حیثیت سے مقرر کیا ہے ۔ ان کے علاوہ پرچار کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے سابقہ رکن پارلیمنٹ مسٹر مدھوگوڑ یاشکی کو بھی تقرر کیا گیا ہے ۔ مدھوگوڑ یاشکی پہلی مرتبہ 2004 ء میں مقابلہ کرتے ہوئے اور دوسری مرتبہ 2009 ء میں مقابلہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی ۔ 2014 ء اور 2019 ء میں مدھوگوڑ یاشکی کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔لیکن اس کے باوجود بھی اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے تھے مدھوگوڑ یاشکی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کے دعویدار تھے لیکن ہائی کمان نے انہیں پرچار کمیٹی کا صدر نامزد کیا ہے ۔ ان دونوں قائدین کو اہم عہدہ حاصل ہونے پر ضلع میں کانگریس پارٹی میں نیا جوش پیدا ہوا۔