بی سی مردم شماری تین ماہ میں مکمل کی جائے: ہنمنت راؤ
حیدرآباد۔/15ستمبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کانگریس میں حقیقی کارکنوں کی مکمل طور پر شناخت کرتے ہوئے انہیں اہم عہدوں پر فائز کیا جاتا ہے۔ کارکنوں کا احترام کانگریس پارٹی میں دیگر پارٹیوں کے مقابلہ زیادہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہیش کمار گوڑ کا پردیش کانگریس کی صدارت پر انتخاب خود اس بات کی دلیل ہے کہ کانگریس میں کارکنوں کا احترام ہے اور محنت کرنے والے کارکنوں کو ان کی خدمات کا صلہ ضرور دیا جاتا ہے۔ گاندھی بھون میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں کانگریس کارکنوں نے کئی مسائل و مشکلات کا سامنا کیا اور کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد کارکنوں کو اہم عہدے دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے کانگریس کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے ہراساں کیا تھا۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ 17 ستمبر یوم سقوط حیدرآباد کی جدوجہد سے بی جے پی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے اندرون تین ماہ بی سی مردم شماری مکمل کرنے کی حکومت سے اپیل کی اور کہا کہ بی سی مردم شماری کی تکمیل پر وہ ریونت ریڈی کو سلیوٹ کریں گے۔ انہوں نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ پولیس کی تحویل سے حاصل کرتے ہوئے شہر کے کسی موزوں مقام پر نصب کرنے کا مطالبہ کیا۔1