کانگریس میں کیا کمی ہے جو میں بی جے پی میں جاؤں گا؟ : ریونت ریڈی، کے سی آر کا بیان مضحکہ خیز، 100 دن کی کارکردگی سے عوام مطمئن

   


حیدرآباد۔/8 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الیکشن کے بعد بی جے پی میں شمولیت سے متعلق بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کے الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ کانگریس میں کیا کمی ہے جو میں بی جے پی میں شامل ہوں گا۔ تلگو نیوز چینل کے ٹک ٹاک پروگرام میں ریونت ریڈی سے سوال کیا گیا کہ کے سی آر الزام لگارہے ہیں کہ آپ بعض ارکان اسمبلی کے ساتھ مل کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ اس کے جواب میں ریونت ریڈی نے کہا کہ مجھ پر تنقید کیلئے کے سی آر کے پاس کچھ نہیں ہے۔ 100 دن کی حکمرانی میں نے عوام سے کامیابی کے نشانات حاصل کرتے ہوئے مکمل کی ہے۔ حقیقت میں جب پارٹی مضبوط تھی میں نے بی جے پی میں شمولیت کی دعوت کو قبول نہیں کیا تھا۔ میں جس وقت تلگودیشم سے علحدگی اختیار کیا وہ این ڈی اے کی حلیف تھی۔ مجھے کوئی عہدہ حاصل کرنا ہوتا تو چندرا بابو نائیڈو کیلئے یہ کوئی مشکل کام نہیں تھا لیکن میں نے کسی عہدہ کی خواہش نہیں کی۔ میں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور کافی محنت اور جدوجہد کے بعد اس مقام پر پہنچا ہوں۔ مجھے کانگریس میں کس چیز کی کمی ہے جو میں بی جے پی میں جاؤں گا۔ مرکزی وزارت داخلہ نے میرے خلاف شکایت درج کی اور دہلی پولیس کو روانہ کیا۔ پولیس کے ذریعہ ایک چیف منسٹر کو طلب کرنے کی صورتحال ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں دہلی پولیس کے 200 ملازمین نے تمام اضلاع میں کانگریس قائدین کے خلاف کارروائی کی کوشش کی۔ مجھ سے پوچھا گیا کہ آیا میں آؤں گا یا نہیں، میں نے جواب دیا کہ مجھ سے آنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر لوک سبھا چناؤ میں کانگریس کے مخالف ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں حالانکہ تلنگانہ حکومت کے خلاف کوئی ناراضگی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریتو بندھو رقومات کی اجرائی کا کریڈٹ کے سی آر لینے کی کوشش کررہے ہیں۔1