کانگریس نظریہ سے وابستگی شردپوار کیلئے اہم

   

وزیراعظم نریندر مودی کے ریمارک کے بعد این سی پی ترجمان کا ردعمل
ممبئی 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے کہاکہ اِس کے صدر شردپوار نے 20 سال قبل کانگریس سے ہاتھ ملایا تھا۔ پارٹی سے ہٹنے کے فوری بعد شردپوار کی کانگریس کے نظریات سے وابستگی اہمیت کی حامل تھی۔ اِن کے لئے ذاتی مسائل سے زیادہ نظریات اہمیت رکھتے ہیں۔ این سی پی ترجمان نواب ملک نے یہ ریمارک اُس وقت کیا جب وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ شردپوار نے بے عزتی کے باوجود اپنی قدیم پارٹی کانگریس کے ساتھ دوستی برقرار رکھی ہے۔ ملک نے یہ بھی سوال کیاکہ آخر بی جے پی کو اِس سے پریشانی کیوں ہے۔ بی جے پی صدر کانگریس سونیا گاندھی کی بیرونی نژاد کا مسئلہ اُٹھاکر ہنگامہ کرتی رہی اور اب این سی پی کے بارے میں پریشانی ظاہر کررہی ہے۔ شردپوار نے 1999 ء میں صدر کانگریس سونیا گاندھی کے بیرونی نژاد مسئلہ پر استعفیٰ دے کر اِسی سال اپنی علیحدہ پارٹی این سی پی قائم کی تھی۔ 1999 ء میں ہی مہاراشٹرا اسمبلی اور لوک سبھا کے بیک وقت انتخابات کے بعد اِسی بی جے پی نے شردپوار کے لئے نائب وزیراعظم کے عہدہ کا پیشکش کیا تھا اور ریاست میں بھی حکومت بنانے کے لئے تعاون کی خواہش کی تھی۔ لیکن شردپوار نے کانگریس کے ساتھ مہاراشٹرا میں حکومت تشکیل دی۔ اِن کے لئے انا کا مسئلہ سب سے بڑا نہیں ہے بلکہ نظریات اہم ہیں۔