کانگریس نہیں بلکہ ٹی آر ایس ڈوبتی کشتی: بھٹی وکرمارکا

,

   

حضور نگر میں سرکاری مشنری اور دولت کا استعمال، سی پی آئی کارکنوں سے کانگریس کی تائید کی اپیل
حیدرآباد۔2 ۔ اکتوبر ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کے بیان پر سخت تنقید کی جس میں انہوں نے کانگریس کو ڈوبتی کشتی قرار دیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ڈوبتی کشتی تو ٹی آر ایس ہے اسی لئے کانگریس کے منتخب عوامی نمائندوں کو لالچ دے کر ٹی آر ایس میں شامل کرلیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹی آر ایس مضبوط تھی تو اسے کانگریس ارکان اسمبلی کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ انہوں نے کہا کہ شکست کے خوف سے کے ٹی راما راؤ کانگریس کے خلاف الزام تراشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ ٹی آر ایس عنقریب عدم استحکام کا شکار ہوگی ۔ بھٹی وکرمارکا نے کے ٹی راما راؤ سے سوال کیا کہ وہ پارٹی کے داخلی انتشار کو کب تک قابو میں رکھ پائیں گے۔ انہوں نے حضور نگر میں ٹی آر ایس پر سرکاری مشنری کے بے جا استعمال کا الزام عائد کیا اور کہا کہ دولت کے استعمال کے ذریعہ ٹی آر ایس کامیابی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں حکومت سے سوال کرنے والی آواز کو روکنے کیلئے ٹی آر ایس دولت اور طاقت کا استعمال کر رہی ہے ۔ سوال کرنے والی طلبہ تنظیموں ، صحافیوں اور سیاسی جماعتوں کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ سوریا پیٹ ضلع میں کمیونسٹ پارٹیوں نے مصلح جدوجہد کی تھی لیکن آج وہ ٹی آر ایس کی تائید کر رہے ہیں۔ انہوں نے سی پی آئی کارکنوں سے اپیل کی کہ اگرچہ پارٹی قائدین ٹی آر ایس کی تائید کریں لیکن انہیں کانگریس کی تائید کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد پتہ چل جائے گا کہ ڈوبنے والی کشتی کون ہے۔ اگر کانگریس ڈوب رہی ہے تو پھر اس کے 12 ارکان اسمبلی کو کیوں منحرف کیا گیا ۔ بھٹی وکرمارکا نے وزیر صحت ایٹالہ راجندر کے بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پارٹی کے وہ مالکین میں شامل ہیں۔ ٹی آر ایس میں داخلی اختلافات عروج پر ہیں۔ رکن اسمبلی سریدھر بابو نے کہا کہ حضور نگر میں اتم کمار ریڈی کی قیادت میں ترقیاتی کام انجام دیئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مشنری کے استعمال اور دولت کے بہاؤ سے ٹی آر ایس حضور نگر میں کامیاب نہیں ہو پائے گی۔
فرسٹ لانسر ڈمپنگ یارڈ میں تبدیل
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : فرسٹ لانسر سری رام نگر کالونی میں واقع کھلی زمین کو ڈمپنگ یارڈ میں بدل دیا گیا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پہلے یہاں کمیٹی ہال ہوا کرتا تھا تاہم اس کمیٹی ہال میں بھینیس باندھ دی گئی ہیں اور اس کھلی زمین کو ڈمپنگ یارڈ بنادیا گیا ہے ۔۔