نئی دہلی، 9 نومبر (یو این آئی) کانگریس پارٹی نے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کے ان عوامی تبصروں سے خود کو الگ کر لیا جن میں انہوں نے سابق نائب وزیر اعظم اور بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی کی سیاسی وراثت کا دفاع کرنے کی کوشش کی ہے ۔ کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ ڈاکٹر ششی تھرور اپنے لیے بولتے ہیں اور انڈین نیشنل کانگریس خود کو ان کے بیان سے متعلق الگ کرتی ہے۔ پون کھیڑا نے پارٹی کی اخلاقیات پر بھی روشنی ڈالی، انہوں نے مزید کہا کہ وہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور سی ڈبلیو سی کا رکن ہونے باوجود ایسا کرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایکس پر پوسٹ کیے گئے تبصرے میں ششی تھرور نے اڈوانی کے کریئر کے بارے میں ایک اہم نقطہ پر توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ ان کی طویل خدمات کو ایک ایپی سوڈ میں محدود کرناغیر منصفانہ ہے ۔ جس طرح نہروجی کے کریئر کی پیمائش صرف چین کے یلغار سے نہیں کی جا سکتی ہے ، اور نہ ہی اندرا گاندھی کو صرف ایمرجنسی کے حوالے سے دکھایا جانا چاہیے ۔ ان کے تبصروں سے سیاسی بحث شروع ہوگئی ہے، حالانکہ بی جے پی نے ابھی تک کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا ہے ۔
