ملک میں آئندہ کانگریس کا اقتدار یقینی، دی ہندو کا ڈائیلاگ 2025 ، مہیش کمار گوڑ کی شرکت
حیدرآباد ۔13۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں ملک میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے اور کانگریس قائد راہول گاندھی کرکٹر وراٹ کوہلی کا رول ادا کرکے کانگریس کے شاندار مظاہرہ کو یقینی بنائیں گے۔ مہیش کمار گور نے اخبار ’دی ہندو‘ سے منعقدہ لٹ فار لائیف ڈائیلاگ 2025 میں شرکت کی اور ممتاز صحافیوں راج دیپ سردیسائی ، نریجا چودھری اور دیگر صحافیوں کے سوالات کا جواب دیا۔ مہیش کمار گوڑ نے آئندہ انتخابات میں کانگریس کے شاندار مظاہرہ کی پیش قیاسی کی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی پابند عہد شخصیت ہیں اور انہوں نے ملک میں سماجی انصاف کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دور میں تلنگانہ ہر شعبہ میں پسماندگی کا شکار رہا۔ کانگریس نے اقتدار کے 9 ماہ میں 56 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا ریکارڈ قائم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں کانگریس حکومت نے تمام اہم انتخابی وعدوں کی تکمیل کرلی اور باقی وعدوں کی جلد تکمیل کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو دو لاکھ تک قرض معافی اسکیم کے تحت 21 ہزار کروڑ جاری کئے گئے ۔ مہاراشٹرا کے انتخابی نتائج پر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی جے پی نے ملک کے تمام اداروں پر اپنا اثر قائم کیا ہے۔ الیکشن کمیشن اور ای وی ایم پر بھی بی جے پی کا کنٹرول ہے ۔ مہاراشٹرا انتخابات میں ای وی ایم میں الٹ پھیر کی گئی اور نتائج کو تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بے قاعدگیوں سے مہاراشٹرا میں بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیاں برسر اقتدار آئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے تلنگانہ کو مقروض کردیا اور کانگریس حکومت معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کوشاں ہے۔ انہوں نے قائد اپوزیشن کے سی آر کے اسمبلی میں عدم شرکت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوام نے بی آر ایس کے حق میں جو فیصلہ دیا ، اس کی توہین کی جارہی ہے ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کے سی آر کو اسمبلی میں شرکت کرکے حکومت کو تعمیری تجاویز پیش کرنی چاہئے۔ اس موقع پر ہندو گروپ کی جانب سے مہیش کمار گوڑ کو تہنیت پیش کی گئی۔1