کانگریس نے حیدرآباد میں تبدیلی کی لہر کو متحرک کیا : محمد ولی اللہ سمیر

   

پرانے شہر کے عوام مجلس اور بی جے پی کے فرقہ وارانہ ایجنڈہ کو مسترد کردیں گے
حیدرآباد ۔ 11 مئی (سیاست نیوز) صدر حیدرآباد کانگریس کمیٹی و کانگریس امیدوار حلقہ لوک سبھا حیدرآباد محمد ولی اللہ سمیر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے حیدرآباد کے پرانے شہر میں تبدیلی کی لہر کو کامیابی کے ساتھ شروع کیا ہے۔ آج پارٹی کے سینئر قائد کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ محمد ولی اللہ سمیر نے کہا کہ وہ حلقہ لوک سبھا حیدرآباد میں 16 دنوں سے انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ کئی اجلاس کا انعقاد کیا۔ گھر گھر کانگریس کی انتخابی مہم چلائی۔ بائیک ریالیاں منظم کی۔ روڈ شوز کا انعقاد کیا۔ ہم نے عوام سے جڑنے کی جو کوشش کی تھی، اس میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ہمارا مقصد محض علامتی ریالیاں اور روڈ شو سے لوگوں کی آنکھوں کو چمکانا نہیں تھا بلکہ عوام کے دلوں کو چھونا تھا۔ محمد ولی اللہ سمیر نے کہا کہ حیدرآباد کے عوام خوف اور تبدیلی کی تڑپ میں زندگی گذار رہے ہیں۔ پرانے شہر کے باشندوں نے تسلیم کیا کہ گمراہ سیاسی قیادت ان کی پسماندگی کی وجہ ہے۔ تاہم مجلس اور بی جے پی نے ایک ایسا ماحول پیدا کیا ہے جس سے لوگ دونوں جماعتوں کی تائید کو مجبور ہورہے ہیں۔ وہ توقع کرتے ہیں کہ کانگریس پارٹی نے اس رجحان کو تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے۔ اگر وہ اس مرتبہ کامیاب ہوتے ہیں تو سودخوروں کے مظالم سے غریب عوام کو نجات دلائیں گے۔ محمد ولی اللہ سمیر نے حیدرآباد کے عوام سے رائے دہی کے دن 13 مئی کو انہیں ووٹ دیتے ہوئے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔2