’’کانگریس نے مدھیہ پردیش کو بدحال ریاست بنادیا‘‘:شیوراج چوہان

   

بھوپال۔11 جون (سیاست ڈاٹ کام)مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج ریاست میں بجلی ،امن و قانون اور خاتون کے تحفظ جیسے مسئلوں پر حکومت کو گھیرتے ہوئے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت نے مدھیہ پردیش کو ‘بدحال’ ریاست بنادیا ہے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے نائب صدر مسٹر چوہان نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ جو حکومت دارالحکومت بھوپال کا کلیکٹر طے نہیں کرپارہی ہے ،وہ انتظامیہ کیا چلاپائے گی۔انہوں نے ریاست میں ‘انتظامیہ کی بدحالی ’پھیلی ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ افسران کی بولی لگ رہی ہے ۔مسٹر چوہان نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی بجلی کے مسئلے کے سلسلے میں احتجاج کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاست بجلی کے لئے ترس رہی ہے اور کانگریس حکومت نے داراحکومت بھوپال کو اندھیرے میں پہنچا دیا ہے ۔ریاست کے امن وقانون کے سلسلے میں ریاستی حکومت پر طنز کرتے ہوئے مسٹر چوہان نے کہا لڑکیاں اپنے گھر کے باہر بھی محفوظ نہیں ہیں۔انہوں نے وزیر داخلہ بالا بچن پر الزام لگایا کہ وہ صرف بیان دیتے ہوئے نظر آتے ہیں اور ان کا باقی کہیں پتہ نہیں رہتا۔سابق وزیر اعلی مسٹر چوہان نے دعوی کیا کہ ان کی حکومت میں گوالیار -چمبل ڈیویژن کے ڈاکوؤں سے آزاد ہوگیاتھا،لیکن اب چمبل کے جنگلات میں ڈکیت دوبارہ جمع ہونے گلے ہیں۔مسٹر چوہان نے الزام لگایا کہ ان کے علاقے میں قبائلیوں کا بے وجہ استحصال کیا جارہا ہے اور وہ اس کے خلاف تحریک چلائیں گے ۔