کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ 5 نومبر سے حکومت کی عوام مخالف معاشی پالیسیوں کے خلاف 10 روزہ ملک گیر احتجاج کیا جائے گا اور ملک کے عوام کی پریشانی اور مایوسی سے حکومت کو باخبر کیا جائے گا۔ ان باتوں کا اظہار کانگریس جنرل سیکرٹری سی وینو گوپال نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مظاہرے 5 سے 15 نومبر کو ضلعی سطح پر اور ریاستی دارالحکومت میں ہونگے، اور اس تحریک کا اختتام قومی راجدھانی دہلی کے مظاہرے سے ہوگا۔
وینو گوپال نے دعویٰ کیا کہ موجودہ سرکار کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بے روزگاری 45 سال کی بلند ترین سطح پر پہونچ گئی ہے، اور ملک کساد بازاری کا بھی شکار ہے، بینکاری نظام ختم ہونے کو ہے اور ملک کے کسان اور عام لوگوں کے چہرے میں ایک مایوسی ہے۔
وینگوپال نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کی صدارت میں ستمبر میں یہاں کانگریس کی حکمرانی والی ریاستوں ، ریاستی صدوروں اور حزب اختلاف کی پارٹیوں کے رہنماؤں کی میٹنگ میں ، یہ پروگرام 15 سے 25 اکتوبر تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن مہاراشٹر اور ہریانہ میں ریاست کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اس پروگرام کو مجبوراً ملتوی کرنا پڑا۔
