جموں، 20 اکتوبر (آئی اے این ایس) نیشنل کانفرنس (این سی) کی جانب سے راجیہ سبھا کی ایک ’محفوظ‘ نشست کانگریس کو دینے سے انکارکے بعد ناراض کانگریس نے ناگروٹا ضمنی انتخاب میں اپنی امیدوارکو میدان میں اتارنے کی این سی کی پیشکش ٹھکرا دی ہے۔ این سی اور کانگریس کے درمیان اختلافات اس وقت شدت اختیار کرگئے جب این سی نے راجیہ سبھا کی تین محفوظ نشستوں کے لیے اپنے امیدوار نامزد کر دیے اور چوتھی نشست کانگریس کو پیش کی۔ ان تین نشستوں پر این سی کو واضح برتری حاصل ہے، جبکہ بی جے پی نے چوتھی راجیہ سبھا نشست کے لیے اپنے جموں و کشمیر صدر ست شرماکو میدان میں اتارا ہے۔ اس نشست پر بی جے پی کو 28 ووٹوں کے ساتھ 24 ووٹوں والی این سی اتحاد پر سبقت حاصل ہے۔ کانگریس کی جانب سے چوتھی نشست پر امیدوار نہ کھڑا کرنے کے فیصلے کے بعد، این سی نے چاروں راجیہ سبھا نشستوں کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا۔ اس پیشرفت کے بعد کانگریس نے ناگروٹا ضمنی انتخاب میں بھی اپنا امیدوار نہ کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا اور این سی سے کہا کہ وہ اس نشست پر اپنا امیدوار میدان میں اتارے۔ این سی نے ناگروٹا کی نشست کانگریس کو دینے کی پیشکش کی تھی، تاہم بی جے پی نے دیویانی رانا کو اس نشست کے لیے نامزد کیا ہے۔ دیویانی، انجہانی دیویندر سنگھ رانا کی بیٹی ہیں، جنہوں نے 2024 کے اسمبلی انتخابات میں یہی نشست جیتی تھی۔