کانگریس نے کے سی آر کو سیاسی زندگی دی: وینکٹ ریڈی

   

امیدواروں کی فہرست سے شکست کا خوف واضح
حیدرآباد۔/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے گذشتہ 50 برسوں میں کانگریس کی کارکردگی پر کے سی آر کے سوالات کو شرمناک قرار دیا اور کہا کہ کے سی آر کانگریس کی 50 سالہ کارکردگی سے کیا واقف نہیں ہیں؟ ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کے سی آر کو سیاسی زندگی دی ہے اور کانگریس کی تائید کے بغیر علحدہ تلنگانہ کی تشکیل ممکن نہیں تھی۔ سوریا پیٹ کے جلسہ عام میں کانگریس کے خلاف کے سی آر کی تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر بھول گئے ہیں کہ تلنگانہ کی ترقی کانگریس کی مرہون منت ہے۔ تلنگانہ کے تمام بڑے پراجکٹس کانگریس دور میں تعمیر کئے گئے جن میں ناگرجنا ساگر، سری سیلم اور سری رام ساگر پراجکٹس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اسکولس اور کالجس کا قیام کانگریس دور حکومت میں ہوا جبکہ کے سی آر حکومت نے ہزاروں اسکولوں کو بند کردیا ہے۔ بی آر ایس امیدواروں کی پہلی فہرست پر تبصرہ کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ جس طرح کرناٹک میں کانگریس نے شاندار کامیابی حاصل کی اسی طرح تلنگانہ میں کانگریس برسراقتدار آئے گی۔ کرناٹک میں پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی کے دورہ میں شریک وینکٹ ریڈی نے کہا کہ شکست کا خوف کے سی آر پر ظاہر ہوچکا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں اور جہد کاروں سے اپیل کی کہ بی آر ایس کے 115 امیدواروں کے اثاثہ جات، رکن اسمبلی منتخب ہونے سے قبل اور اس کے بعد کی تفصیلات سوشیل میڈیا میں پیش کریں۔