کانگریس نے ہماچل پردیش میں بی جے پی سے اقتدار چھین لیا

,

   

گجرات میں بی جے پی کی ریکارڈ کامیابی‘12ڈسمبر کو حلف برداری تقریب

شملہ :ہماچل پردیش میں کانگریس کو مکمل اکثریت حاصل ہوگئی اور پارٹی کارکنوں نے ریاستی ہیڈکوارٹر کے علاوہ دہلی میں زبردست جشن منایا۔ہماچل پارٹی نے اب ریاست میں حکومت بنانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔68رکنی اسمبلی میں کانگریس نے 40پر سبقت حاصل کرلی ہے جبکہ برسر اقتدار بی جے پی کو صرف 25نشستوں پر کامیابی حاصل ہو ئی ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ کانگریس ہی ریاست میں حکومت تشکیل دے گی۔کانگریس قائد پون کھیڑا نے کہا کہ ہماچل پردیش میں کوئی کانٹے کی ٹکر نہیں تھی، ہم نے مکمل اکثریت حاصل کی ہے اور مستحکم حکومت قائم کریں گے۔ ’آپریشن کیچڑ‘ کامیاب نہیں ہوا اور ہم نے اسے کامیاب ہونے بھی نہیں دیا ۔ ادھر گجرات میں بی جے پی نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی ہے ۔گجرات میں بی جے پی نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے 156 سیٹوں پر جیت حاصل کر لی ہے ۔ 182 اسمبلی سیٹوں والی اس ریاست میں ایسا پہلی بار ہوا ہے جب کسی پارٹی نے تنہا 150 سیٹوں سے زیادہ پر کامیابی حاصل کی ہے۔ کانگریس 17 سیٹوں پر جیت حاصل کر چکی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے 5 امیدوار کامیاب ہو چکے ہیں اور دیگر کے حصے میں3 سیٹیں آئی ہیں۔ بی جے پی کی جانب سے 12ڈسمبر کو حلف برداری تقریب منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور دن میں2بجے نئے چیف منسٹر حلف لیں گے ۔اس تقریب میں وزیر اعظم مودی اور امیت شاہ سمیت اہم قائدین شرکت کریں گے ۔ کہا جارپا ہے کہ بھوپیندر پاٹل ہی چیف منسٹر ہونگے ۔18فروری 2023کو 14ویں گجرات اسمبلی کی میعاد ختم ہورہی ہے ۔ادھرکانگریس مقننہ پارٹی کا کل شملہ میں واقع پارٹی کے ہیڈ کوارٹر راجیوبھون میںاجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں پارٹی کے انچارج راجیوشکلا‘سوپر وائزر س بھوپیش بگھیل اور بھوپیندر ہوڈا شرکت کریں گے ۔اطلاعات کے مطابق تمام نو منتخب ارکان اسمبلی ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے پارٹی ہائی کمان کو چیف منسٹر کے انتخاب کا اختیار دیں گے ۔