ممبئی: لوک سبھا انتخابات کی مہم کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی آج مہاراشٹرا پہنچے۔ انہوں نے ناسک کے ڈنڈوری میں ایک جلسہ عام سے خطاب میں دعویٰ کیا کہ کانگریس اس بری طرح سے ہار رہی ہے کہ آئین کے تحت ان کیلئے اپوزیشن بننا مشکل ہو جائے گا۔پی ایم مودی نے مزید کہا کہ کانگریس کے لیے صرف ایک اقلیت ہے، اس کا اپنا پسندیدہ ووٹ بینک ہے۔ ایک واقعہ سناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب میں چیف منسٹر گجرات تھا تو کانگریس چاہتی تھی کہ ملک کے جملہ بجٹ کا 15فیصد صرف مسلمانوں پر خرچ ہو۔اس وقت میں نے اس کی سخت مخالفت کی۔ پوری بی جے پی نے احتجاج کیا۔اس لیے وہ اپنے منصوبوں میں کامیاب نہ ہو سکے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دینے کے خلاف تھے۔ لیکن کانگریس ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کمیونٹی کا ریزرویشن چھین کر اپنے ووٹ بینک کو دینا چاہتی ہے۔