حیدرآباد ۔یکم۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کی پیش قیاسی کی ہے۔ حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ معلق اسمبلی کی تشکیل کے کوئی امکانات نہیں ہے اور کانگریس واضح اکثریت کے ساتھ حکومت تشکیل دے گی۔ بی آر ایس کی کامیابی کے بارے میں کے ٹی آر اور کویتا کے دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ بی آر ایس کی جانب سے ہیٹ ٹرک کے دعوے محض ایک خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں ریونت ریڈی کو قائد ایوان کے طور پر کے سی آر کی جانب سے مدعو کرنے کی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔ سوال کرنے پر کے سی آر نے ریونت ریڈی کو اسمبلی سے معطل کردیا تھا اور انہیں قائد ایوان کے طورپر وہ اسمبلی میں مدعو نہیں کریں گے۔ ڈاکٹر نارائنا نے یقین ظاہر کیا کہ کانگریس پارٹی مستحکم حکومت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں جمہوریت کامیاب ہوگی اور کانگریس ارکان اسمبلی کو کیمپ منتقل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیف منسٹرس تبدیل ہوتے ہیں تو یہ ریاست کیلئے ٹھیک نہیں ہوگا۔ ایک چیف منسٹر ریاست کی بھلائی کیلئے بہتر کام کرسکتا ہے۔ انہوں نے کتہ گوڑم سے سی پی آئی سکریٹری سامبا سیوا راؤکی کامیابی کو یقینی قرار دیا۔