کولکتہ:مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں نے تیاریاں تیز کردی ہیں اور ایک دوسرے پر الزامات عاید کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔اس درمیان بنگال کانگریس کے انچارج جیتن پرساد نے الزام لگایا ہے کہ ترنمول کانگریس اور بی جے پی اصل ایشوز سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور بائیں بازو کا اتحاد عوام کے سامنے متبادل پیش کرنے کی کوشش کرے گی جو روزی روٹی اور بنگال کی شناخت کو قائم کرنے کیلئے انتخاب لڑے گی ۔جتین پرساد نے کہا کہ کانگریس جلد سے جلد بائیں بازو کی جماعتوں کے ساتھ سیٹوں پر سمجھوتہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیٹوں کی تقسیم کے بعدامیدواروں کے انتخاب کیلئے کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں ۔جتین پرساد نے کہا کہ پارٹی کی ریاستی اکائی اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) مل کر کام کر رہی ہیں اور کوئی بھی دہلی میں بیٹھ کر ہدایات نہیں دے رہا ہے ، جو بھی پارٹی کے مفاد میں ہوگا وہ سب کو اعتماد میں لے کرکیا جائے گا۔ جتن نے کہا کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا سے بڑے پیمانے پر مہم چلانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کو اس مطالبے سے آگاہ کردیا گیا ہے ۔