کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس اور جلسہ عام کو کامیاب بنانے پارٹی قائدین متحرک

   

پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ عام روکنے کی سازش، ایل بی اسٹیڈیم دوسرا متبادل، پردیش کانگریس کمیٹی کا ہنگامی اجلاس
حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے 16، 17 اور 18 ستمبر کو حیدرآباد میں کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس اور جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ 16 ستمبر کو نوتشکیل شدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس حیدرآباد میں منعقد ہوگا جبکہ دوسرے دن 17 ستمبر کو ورکنگ کمیٹی کے توسیعی اجلاس کے بعد شام میں پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں کانگریس کے تمام قومی قائدین شرکت کریں گے۔ ریاست بھر سے 10 لاکھ افراد کی شرکت کی تیاری کی جارہی ہے۔ 18 ستمبر کو کانگریس کے سینئر قائدین کو اسمبلی حلقہ جات الاٹ کئے جائیں گے جہاں وہ دن بھر قیام کرتے ہوئے کارکنوں اور عوام سے خطاب کریں گے۔ تین روزہ پروگرام کی تیاریوں کے سلسلہ میں آج پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ریونت ریڈی نے کی۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے، ورکنگ کمیٹی رکن دامودھر راج نرسمہا، سابق صدور پی سی سی پونالہ لکشمیا، وی ہنمنت راؤ، سابق اپوزیشن لیڈرس کے جانا ریڈی، محمد علی شبیر، ورکنگ پریسیڈنٹس انجن کمار یادو، جگا ریڈی، مہیش کمار گوڑ، محمد اظہر الدین، تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ، اے آئی سی سی سکریٹریز منصور علی خاں، روہت چودھری اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ہائی کمان نے ان کی درخواست قبول کرتے ہوئے حیدرآباد میں ورکنگ کمیٹی اجلاس منعقد کرنے سے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل سکریٹری تنظیمی امور کے سی وینو گوپال چہارشنبہ کو حیدرآباد میں انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پریڈ گراؤنڈ کے جلسہ عام میں سونیا گاندھی تلنگانہ عوام کیلئے کانگریس کی جانب سے 5 ضمانتوں کا اعلان کریں گی۔ جلسہ عام کے ذریعہ تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز ہوگا۔ جلسہ کی اجازت کیلئے 2 ستمبر کو محکمہ دفاع کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ عام کو روکنے کی سازش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سازش کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی قائدین کی آمد کے موقع پر سیکوریٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پریڈ گراؤنڈ پر اجازت نہ ملنے کی صورت میں لال بہادر اسٹیڈیم میں جلسہ عام ہوگا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر ایل بی اسٹیڈیم میں اجازت نہیں دی گئی تو شہر کے مضافاتی علاقہ میں انتظامات کیلئے کانگریس تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی پانچ ضمانتوں کو عوام تک پہنچانے کا 18 ستمبر سے آغاز ہوگا اور 119 اسمبلی حلقہ جات میں سینئر قائدین دورہ کریں گے۔ دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی دور میں حیدرآباد میں اے آئی سی سی اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوچکا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 7 ستمبر کو راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے آغاز کے دن ریاست کے تمام منڈل ہیڈکوارٹرس اور ضلع ہیڈکوارٹرس پر پدیاترا کا اہتمام کیا جائے گا۔ 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے کوآرڈینیٹرس کا تقرر ہوگا۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ تین روزہ پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے ہمیں تیار ہونا چاہیئے۔ سارا ملک تلنگانہ کی طرف دیکھ رہا ہے اور پانچ ریاستوں کے انتخابات سے قبل حیدرآباد میں ورکنگ کمیٹی اجلاس خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ 17 ستمبر کی رات میں سینئر قائدین اپنے الاٹ کردہ اسمبلی حلقہ جات میں پہنچ جائینگے ‘ 18 ستمبر کو کارکنوں اور عوام سے خطاب کریں گے۔