کانگریس ورکنگ کمیٹی کا آج حیدرآباد میں اجلاس، قومی قائدین کی آمد

,

   

تکوگوڑہ میں کل جلسہ عام میں ، پانچ لاکھ افراد کی شرکت متوقع، تین روزہ پروگراموں کی تیاریاں مکمل
حیدرآباد 15ستمبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کے حیدرآباد میں دو روزہ پروگرام کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور پارٹی قائدین کی حیدرآباد آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ ورکنگ کمیٹی کا اجلاس کل 16 ستمبر کو منعقد ہوگا جبکہ 17 ستمبر کو شہر کے مضافاتی علاقہ تکو گوڑہ میں وجئے بھیری کے عنوان سے بڑا جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں 5 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ صدر سونیا گاندھی جلسہ میں تلنگانہ عوام کیلئے کانگریس کے 6 وعدوں کا اعلان کریں گی۔ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس اور تمام قومی قائدین تین دن حیدرآباد میں قیام کریں گے ۔ 18 ستمبر کو قومی قائدین 119 اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کارکنوں اور عوام کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے پارٹی وعدوں اور حکومت کی ناکامیوں کی تشہیر کریں گے۔ اے آئی سی سی قائدین کے سی وینو گوپال اور جئے رام رمیش نے آج تکو گوڑہ پہنچ کر جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ کے سی وینو گوپال نے بتایا کہ ہفتہ کو 2 بجے دن ورکنگ کمیٹی کا اجلاس شہر کی فائیو اسٹار ہوٹل میں ہوگا ۔ 90 اہم قائدین بشمول چار ریاستوں کے چیف منسٹرس شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 17 ستمبر کی صبح 10.30 بجے ورکنگ کمیٹی کا توسیعی اجلاس ہوگا اور شام 5 بجے جلسہ رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ کمیٹی اجلاس اور جلسہ سے تلنگانہ کی سیاست میں نمایاں تبدیلی واقع ہوگی۔ جئے رام رمیش کے مطابق جلسہ کے بعد قومی قائدین الاٹ کردہ اسمبلی حلقہ جات روانہ ہوں گے اور 18 ستمبر کو گھر گھر پہنچ کر کانگریس کی 5 ضمانتوں سے عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ بی آر ایس اور بی جے پی کے خلاف چارج شیٹ جاری کی جائیگی۔ شام میں بھارت جوڑو مارچ کا اہتمام ہوگا۔ کے سی وینو گوپال نے کہا کہ بی آر ایس حکومت ملک کی انتہائی بدعنوان حکومتوں سے ایک ہے۔ جئے رام رمیش نے امید ظاہر کی کہ کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں کانگریس حکومت تشکیل پائیگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے بعد کرناٹک میں کانگریس برسر اقتدار آئی تھی اور وجئے بھیری جلسہ کے بعد تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت ہوگی ۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مانک ٹھاکرے، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، محمد علی شبیر اور دیگر نے انتظامات سے واقف کرایا۔جلسہ عام کے سلسلہ میں گزشتہ ایک ہفتہ سے دن رات تیاریاں جاری ہیں۔جلسہ گاہ کے اطراف پارکنگ کے وسیع تر انتظامات کئے گئے ۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس حکومت جلسہ عام میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہے۔پولیس کی جانب سے محدود انتظامات کئے جارہے ہیں۔