کانگریس ورکنگ کمیٹی کا 16 اکٹوبر کو اجلاس

   

نئی دہلی۔ کانگریس کے اعلی پالیسی ساز ادارے کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ دسہرہ کے اگلے دن 16اکتوبر کو ہوگی جس میں لکھیم پورکھیری، کسانوں کے مسائل اور دیگر امور پر بات چیت ہوگی۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ سنیچر 16 اکتوبر کو صبح دس بجے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ہوگی جس میں موجودہ سیاسی واقعات پر تفصیل سے بات چیت کی جائے گی۔ خیال رہے کہ کانگریس میں سینئر لیڈر غلام نبی آزاد، کپل سبل، آنند شرما سمیت تقریباً 23لیڈر پارٹی قیادت سے ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ بلانے اور اس میں کانگریس صدر کا الیکشن کرانے کی مانگ کررہے ہیں۔ ان لیڈروں نے گزشتہ ہفتہ بھی یہی مانگ تھی جس پر کچھ لیڈروں کے مابین تکرار ہوئی تھی۔ کانگریس کے کچھ کارکنوں نے کپل سبل کے گھر کے سامنے نعرے بازی کی تھی جس پر سینئر لیڈر پی چدمبرم نے بھی ناراضگی ظاہر کی تھی اور کہا کہ کانگریس میں اس طرح کی صورتحال نہیں ہونی چاہئے ۔