کانگریس و دیگر اپوزیشن کا پیر کو بھارت بند

   

عوامی مسائل کو اجاگر کرنا مقصد، کانگریس قائدین کا بیان
حیدرآباد۔23 ۔ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے عوام سے اپیل کی کہ 27 ستمبر کو اپوزیشن جماعتوں کے بھارت بند کو کامیاب بناتے ہوئے مرکز اور ریاستی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ناراضگی کا اظہار کریں۔ کانگریس کے نائب صدر ملو روی اور سابق رکن اسمبلی مال ریڈی رنگا ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی 19 اپوزیشن جماعتوں میں متحدہ طور پر بھارت بند کا اعلان کیا ہے۔ بھارت بند کا مقصد سیاسی مقصد براری نہیں بلکہ حکومتوں کو عوام دشمن پالیسیوں سے روکنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے بند کا فیصلہ کیا گیا۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ حکومت ٹیکسوں میں اضافہ کے ذریعہ عوام پر بوجھ عائد کر رہی ہے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ کسانوں کے خلاف تین قوانین کو منظوری دی گئی جس کے خلاف کسان احتجاج کر رہے ہیں۔ کسانوں کے مطالبات پر حکومت کا رویہ افسوسناک ہے۔ کانگریس پارٹی کی زیر قیادت 19 اپوزیشن جماعتوں نے طویل احتجاجی لائحہ عمل کو قطعیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بند صبح سے 2 بجے دن تک رہے گا اور ریاست بھر میں بند کی کامیابی کیلئے کانگریس اور دیگر جماعتیں اہم رول ادا کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ 30 ستمبر کو ضلع کلکٹریٹس پر دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ ر