کانگریس ٹکٹ کیلئے درخواستوں کا ادخال شروع

   

25 اگست آخری تاریخ ‘ 25 اور 50 ہزار کی فیس مقرر
حیدرآباد 18 اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے واضح کیا کہ اسمبلی انتخابات کیلئے ٹکٹ کے خواہشمند ہر پارٹی لیڈر کو درخواست داخل کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروںکا انتخاب اہلیت کی بنیاد پر کیا جائے گا جس میں کامیابی کی اہلیت اولین ترجیح رہے گی ۔ اسمبلی انتخابات کیلئے درخواستوں کے حصول سے میڈیا کو واقف کراتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ پارٹی نے درخواستوں کے ادخال کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے ۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ اور انجن کمار یادو کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دیئے جانے سے متعلق خبروں پر بھروسہ نہ کریں۔ہر درخواست گزار کی خوبیوں اور کمزوریوں کا سروے کیا جائے گا۔ ہر امیدوار کے بارے میں رپورٹ اسکریننگ کمیٹی کو پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی درخواست گزاروں کیلئے 25000 روپئے درخواست فیس مقرر کی گئی ہے جبکہ عام زمرہ کے امیدواروںکو 50,000 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ درخواست فیس ناقابل واپسی رہے گی اور اسے پارٹی سرگرمیوں کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔ درخواستوں کی وصولی کا آج سے آغاز ہوچکا ہے اور 25 اگست تک گاندھی بھون میں درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ 25 اگست کے بعد پارٹی میں شمولیت اختیار کرکے ٹکٹ کا مطالبہ کرنے والوں پر پولیٹیکل افیرس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔