نئی دہلی 28 جولائی (یواین آئی) کانگریس ’ٹیلنٹ ہنٹ‘کے ذریعہ پینلسٹ اور ترجمانوں کی ایک ٹیم تیار کرے گی تاکہ میڈیا اور عوامی فورمز پر پارٹی کا رخ پیش کیا جا سکے ۔ کانگریس کے مطابق ہنر مند مقررین اور ترجمانوں کو ’ٹیلنٹ ہنٹ‘ کے ذریعہ تلاش کیا جائے گا۔ اس کے لیے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں، جس کی آخری تاریخ 4 اگست ہے ۔اس سلسلے میں کانگریس پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کے وینوگوپال نے تمام ریاستی صدور کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اور انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ ‘ٹیلنٹ ہنٹ’ پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست، ضلع اور بلاک کی سطح پر مقررین اور ترجمانوں کی تقرری کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔ کانگریس میڈیا ڈپارٹمنٹ کے چیف پون کھیڑا نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے ایسے لوگوں کی تلاش کی جارہی ہے جو کانگریس کے رسم و رواج، پالیسیوں، ثقافت اور عصری مسائل پر گرفت رکھتے ہیں اور عوامی فورمز پر ان کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ایسے پروگراموں کے ذریعہ ہنر مند مقررین اور ترجمانوں کا انتخاب کیا جاتا رہا ہے ۔