سینکڑوں افراد کا معائنہ اور مفت دوائوں کی تقسیم، شہر کے دیگر علاقوں میں کیمپس کا منصوبہ
حیدرآباد۔ 26ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدر سمیر ولی اللہ اور پردیش کانگریس کے ترجمان سید نظام الدین نے ہیلتھیئر ہارٹ فائونڈیشن کے اشتراک سے آج فرسٹ لانسر میں مفت ہیلتھ کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جس سے سینکڑوں کی تعداد میں غریبوں اور مقامی افراد نے استفادہ کیا۔ ماہر ڈاکٹرس کے ذریعہ معائنے کئے گئے اور دوائیں مفت تقسیم کی گئیں۔ صدر سٹی کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ سمیر ولی اللہ نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں مفت ہیلتھ کیمپس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا اور یہ آغاز ہے۔ مختلف سلم علاقوں میں غریبوں کو وبائی امراض سے نجات دلانے کے لیے یہ کیمپس منعقد کیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ٹیسٹس جیسے ای سی جی، 2D ایکو، بلڈ ٹسٹ، شوگر جی آر بی ایس اور بلڈ پریشر کا مفت معائنہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیدنگر، بھولا نگر اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے کیمپس سے استفادہ کیا، ان کے معائنے کیئے گئے اور مفت دوائیں دی گئیں۔ جنرل فزیشینس کے علاوہ ماہر ڈاکٹرس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ پردیش کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل، یوتھ کانگریس کے صدر انیل کمار یادو، ساجد شریف اور دیگر سینئر قائدین نے کیمپ کا دورہ کیا اور مفت دوائیں تقسیم کیں۔ انہوں نے سمیر ولی اللہ کے جذبے انسانیت کی ستائش کی اور کہا کہ اس طرح کے کیمپس غریب عوام کو طبی خدمات کی فراہمی میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ سمیر ولی اللہ نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت نے صحت کے شعبے کو نظرانداز کردیا ہے۔ اس کے نتیجہ میں دونوں شہروں میں وبائی امراض عروج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلم علاقوں میں بخار، ملیریا، ٹائیفائیڈ، ڈینگو اور دیگر امراض عام ہوچکے ہیں۔ کانگریس نے رضاکارانہ تنظیم کے اشتراک سے شہر کے مختلف علاقوں میں کیمپس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ سید نظام الدین نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں طبی سہولتوں کی کمی پر حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کا مانسون ایکشن پلان ناکام ہوچکا ہے۔ سمیر ولی اللہ نے بتایا کہ دوسرا ہیلتھ کیمپ 28 ستمبر کو گولکنڈہ میں منعقد ہوگا جبکہ 29 ستمبر کو رسول پورہ میں کیمپ منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے مقامی افراد سے استفادہ کی اپیل کی۔