جی ایچ ایم سی انتخابات کے لیے شیخ عبداللہ سہیل گریٹر حیدرآباد صدر اقلیت ڈپارٹمنٹ کی مہم
حیدرآباد :۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کانگریس پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے ریاستی میناریٹی صدر شیخ عبداللہ سہیل دن رات کوششوں میں جٹ گئے ہیں ۔ کانگریس پارٹی کے میناریٹی صدر نے کہا کہ بالخصوص حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز اور نامپلی میں پارٹی کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ۔ انہوں نے ان علاقوں میں متعدد بار دورہ کیا اور عوام سے فرداً فرداً ملاقات کی اور پرانے شہر میں اپنی انتخابی مہم کے بعد انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ کانگریس پارٹی پرانے شہر میں 4 تا 5 حلقوں میں کامیابی حاصل کرے گی ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ چونکہ کانگریس پارٹی نے کبھی فرقہ پرستوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ ہی مستقبل میں کرے گی ۔ اس لحاظ سے پارٹی کے نظریات کو پسند کرنے والے رائے دہندے بلدی انتخابات میں خاموشی سے اپنا رول ادا کریں گے ۔ شیخ پیٹ ، ریڈہلز ، رحمت نگر ، ایرہ گڈہ ، وجئے نگر کالونی کے علاوہ پرانا پل اور دودھ باولی ، چیوڑلہ اور ملکاجگیری کے علاقوں میں کانگریس کو مضبوط موقف حاصل ہے ۔ اور کانگریس کی خاموش مہم عوام کے دلوں میں جگہ بنا چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ناکام ثابت ہوگی اور رائے دہندے کانگریس کے حق میں اپنا موقف پیش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے ملاقاتوں کے دوران جو عوامی ردعمل حاصل ہوا ہے وہ کانگریس کے لیے کافی حوصلہ افزاء ہے چونکہ بلدی چناؤ میں بی جے پی کی فرقہ پرستی اور سماج میں زہر گھولنے والی پالیسی سے عوام تنگ آچکے ہیں ۔ جب کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے وعدوں پر عوام کو بھروسہ نہیں رہا ۔ انہوں نے کہا کہ بلدی چناؤ کو بی جے پی نے فرقہ وارانہ رنگ دے دیا ہے تاہم حیدرآباد کی عوام اس نعرہ کو مسترد کرتے ہیں اور پرامن و خوشحال کانگریس کے دور اقتدار کو واپس لانا چاہتے ہیں ۔۔