لکھنؤ: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعرات کو اترپردیش کے مرادآباد شہر میں ایک ریلی سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں اس شہر سے اپنا تعلق جوڑتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ سب کو سسرال میں خوش آمدید کہتے ہیں سسرال والوں سے معذرت خواہ ہوں کہ میں کافی عرصے بعد آئی ہوں۔ آپ لوگوں نے میرے خاندان کا بہت ساتھ دیا۔میرے سسر تقسیم کے بعد یہاں آئے اور اپنا اور اپنے خاندان کا مستقبل بنایا۔مراد آباد پیتل کے لیے جانا جاتا تھا۔ پہلے اس شہر کو ترقی دینے کی بات ہوتی تھی۔ پہلے یہاں قرضہ ملتا تھا، ٹیکس معاف ہوتا تھا، آج حالات کہاں ہیں؟ پہلے 8000 کروڑ کی ایکسپورٹ ہوتی تھی، اس میں کمی آئی ہے۔ 3 لاکھ لوگوں کی نوکریاں چلی گئیں۔ مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ جو کالا دھن آپ نے نوٹ بندی سے پہلے بتایا تھا وہ واپس آئے گا۔ پھر جی ایس ٹی لگایا گیا۔ کاریگروں کی اجرت آدھی رہ گئی، ڈیزل مہنگا ہو گیا، ادھر چین آگے بڑھتا گیا پر یہاں انفراسٹرکچر مضبوط نہیں کیا گیا۔