کانگریس پارٹی سیکولرازم اور سماجی انصاف کے اصولوں پر قائم : اتم کمار ریڈی

   

سلمان خورشید کو تیسری نسل کی نمائندگی کا اعزاز، راجیو گاندھی سدبھاونا تقریب سے ریاستی وزیر کا خطاب
حیدرآباد۔ 19 اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی سیکولرازم اور سماجی انصاف کے عہد پر قائم ہیں اور تلنگانہ میں بہتر حکمرانی کے ذریعہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی آج تاریخی چارمینار کے دامن میں 35 ویں راجیو گاندھی سدبھاونا یاترا یادگاری تقریب سے صدارتی خطاب کررہے تھے۔ 1990 میں آنجہانی راجیو گاندھی نے اسی مقام سے سدبھاونا یاترا کا آغاز کیا تھا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی اور نہرو گاندھی خاندان نے ہمیشہ سیکولرازم کی پاسداری کو اولین ترجیح دی ہے۔ ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لئے اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے اپنی جان قربان کردی اور کانگریس پارٹی آج تک بھی ملک کے اتحاد کے ساتھ ساتھ سیکولرازم کی برقراری کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ملک میں فرقہ وارانہ ماحول کو ختم کرنے کے لئے سدبھاونا یاترا کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک بھر میں امن اور بھائی چارہ کے پیام کو عام کرنے کے لئے حیدرآباد کا انتخاب کیا تھا۔ اتم کمار ریڈی نے ٹی نرنجن کی ستائش کی جو بی سی کمیشن کے صدر نشین ہیں انہوں نے گزشتہ 35 برسوں سے راجیو گاندھی سدبھاونا دیوس کے اہتمام کی روایت قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں سدبھاونا دیوس کے انعقاد کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک میں خلل کے نام پر راجیو گاندھی کی سدبھاونا یاترا یاد منانے سے بی آر ایس حکومت نے روک دیا تھا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ قانونی جدوجہد کے ذریعہ نرنجن نے تاریخی چارمینار کے پاس پرچم کشائی کی اجازت حاصل کی تھی۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو فخر حاصل ہے کہ اس نے سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید جیسی شخصیت کو سدبھاونا ایوارڈ کے لئے منتخب کیا۔ سلمان خورشید کا شمار کانگریس پارٹی میں باوقار قائدین میں ہوتا ہے۔ ان کے دادا ڈاکٹر ذاکر حسین ملک کے تیسرے صدر جمہوریہ تھے۔ والد خورشید عالم خاں رکن پارلیمنٹ، مرکزی وزیر خارجہ اور پھر تین ریاستوں کے گورنر رہے۔ سلمان خورشید نے اپنے دادا اور والد کی روایات کو جاری رکھا ہے۔ والد اور فرزند دونوں نے وزیر خارجہ کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دیں۔ سلمان خورشید نے اندرا گاندھی کے آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی کے عہدہ سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ مرکزی کابینہ میں قانون، اقلیتی امور اور کامرس جیسی اہمیت وزارتوں پر فائز رہے۔ سابق میں سدبھاونا ایوارڈ سابق چیف منسٹر کے روشیا کو دیا جاچکا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سماجی انصاف کے لئے حکومت نے مجالس مقامی میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمل آوری کی راہ میں بی آر ایس اور بی جے پی رکاوٹ بن رہے ہیں۔ 1