کانگریس پارٹی قابل اعتماد نہیں رہی:مایاوتی

   

لکھنؤ 26جولائی (یو این آئی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کے او بی سی طبقے کے مفادات کے بارے میں دیے گئے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ او بی سی کے مفادات اور انہیں آئینی حقوق دلوانے میں کانگریس کبھی قابل اعتماد نہیں رہی۔ یہ دل میں کچھ اور زبان پر کچھ جیسی خود غرضانہ سیاست لگتی ہے ۔بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ حقیقت میں ان کا یہ بیان اُسی طرح سے ہے جیسا کہ ملک کے کروڑوں استحصال کے شکار، محروم اور بے توجہی کے شکار ایس سی/ایس ٹی کمیونٹی کے تئیں رہتاہے ۔ جس کی وجہ سے ان برادریوں کے لوگوں کو اپنی عزت نفس اور خود اعتمادی کو برقرار رکھنے اور اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے لیے اپنی الگ پارٹی بہوجن سماج پارٹی بنانا پڑی۔یوپی میں چار بار بی ایس پی کی قیادت والی حکومت میں غریبوں اور مظلوموں کے جان و مال،مذہب کے تحفظ اور عزت کے ساتھ ساتھ اکثریتی طبقے کے تمام لوگوں کے مفاد اور بہبود کی مکمل ضمانت دی گئی ہے ۔