عادل آباد۔7؍ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر عادل آباد کے ترنگنی گارڈن پارٹی میںاراکین سے مخاطب ہوکرمسٹرطاہر بن حمدان چیئرمین اردواکیڈیمی و ضلع عادل آباد کانگریس پارٹی انچارج نے کہاکہ پارٹی میں عہدے حاصل کرنے والے افراد اپنی درخواستیں آن لائن داخل کرسکتے ہیں۔ اپنی درخواست کے ساتھ مکمل بائیو ڈاٹا (3) عدد تصاویر‘ ووٹر شناختی کارڈ ‘ آدھار کارڈ‘ زیراکس منسلک کرنا لازمی قرار دیا اور کہا کہ کسی بھی عہدے کیلئے پانچ درخواستیں قبول کی جائیں گی جو کانگریس پارٹی ہائی کمان کوترسیل کی جائیں گی اور درخواست گزاروں کی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے انہیں عہدے مختص کیے جائیںگے ۔ مسٹرطاہر بن حمدان نے پارٹی اراکین سے خواہش کی ہے کہ وہ عہدوں کی خاطر ایک دوسرے سے مقابلہ نہ کریں ۔ پارٹی کے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے عوامی خدمات کو ترجیح دیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کی خاطر جاری مختلف اسکیمات کا تذکرہ کرتے ہوئے پارٹی کو مستحکم بنانے اورمسٹرراہول گاندھی کو آئندہ وزیراعظم بنانے متحدہ طورپرجدوجہد کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس اجلاس میں مسٹر بھوجاریڈی ‘ڈاکٹر نریش جادھو‘بی سدھیر‘ ناگیش ‘ عرفات احمد‘ ایم اے خان ‘ فیض اللہ ‘ شیخ عمران ‘ ظفر احمد‘ ایم اے شکیل ‘ ایم اے کلیم ‘ رفیق ‘ ایم اے قیوم کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ اس موقع پر عادل آباد کانگریس پارٹی قائد مسٹر کندی سرینواس ریڈی کے علاوہ دیگر اقلیتی قائدین بھی اجلاس سے مخاطب ہوئے ۔